عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی

منگل 15 جولائی 2025 16:44

عالمی منڈی میں  خام تیل کی قیمتوں میں  کمی
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2025ء) عالمی منڈی میں منگل کو خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان رہا جس کی وجہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے روس کو یوکرین جنگ ختم کرنے اور پابندیوں سے بچنے کے لیے 50 دن کی ڈیڈ لائن دیئے جانا ہے جس کے باعث خام تیل کی فوری سپلائی کے متعلق پائے جانے والے خدشات میں کمی آئی ہے۔

(جاری ہے)

رائٹرز کے مطابق منگل کو کاروباری سرگرمیوں کے دوران برینٹ کروڈ کے معاہدے 56 سینٹ یا 0.8 فیصد کمی کے ساتھ 68.65 ڈالر فی بیرل میں طے پائے جبکہ یو ایس ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کروڈ کے سودے 62 سینٹ یا 0.9 فیصد کمی سے 66.36 ڈالر میں ہوئے۔

یو بی ایس کے کموڈٹی اینالسٹ جیوانی اسٹاؤنوو نے کہاکہ اس بات کا خدشہ تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ فوراً روس پر پابندیاں عائد سکتے ہیں لیکن اب انہوں نے مزید 50 دن کی ڈیڈلائن دی ہے، جس سے مارکیٹ میں فوری سپلائی کے بارے میں جو خدشات تھے وہ اب ختم ہو گئے ہیں اور یہی اصل خبر ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے فیصلے پر عمل کرتے ہیں اور تجویز کردہ پابندیاں نافذ کی جاتی ہیں تو یہ آئل مارکیٹ کے منظرنامے کو یکسر بدل دے گا۔