5خیبرپختونخوا حکومت نے عوام کو سرکاری خدمات کی فوری، شفاف اور باوقار فراہمی کے لیے ''خیبر پاس ط کے پی ای-آئیڈنٹی پلیٹ فارم'' کا آغاز کیا ہے، ڈاکٹر شفقت ایاز

منگل 8 جولائی 2025 21:35

#پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 جولائی2025ء)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے سائنس و ٹیکنالوجی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت نے عوام کو سرکاری خدمات کی فوری، شفاف اور باوقار فراہمی کے لیے ''خیبر پاس ط کے پی ای-آئیڈنٹی پلیٹ فارم'' کا آغاز کیا ہے، جو صوبے میں ڈیجیٹل گورننس کا سنگِ میل ثابت ہوگا۔

انہوں نے یہ بات آج وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (KPITB) کے زیرِ اہتمام ''خیبر پاس'' کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا، صوبائی وزراء، سیکرٹریز، پارٹنر اداروں اور دیگر مہمانانِ گرامی نے شرکت کی۔ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا کہ حکومت کے روایتی نظام میں ایک عام شہری کے لیے ڈومیسائل، پرمٹ یا سرکاری سکیم میں اندراج جیسی خدمات کا حصول وقت طلب، مہنگا اور تکلیف دہ تھا۔

(جاری ہے)

بار بار دفاتر کے چکر، ایجنٹس کی مداخلت، اور کاغذی کارروائیاں شہریوں کے لیے پریشانی کا باعث بنتی تھیں۔انہوں نے کہا کہ خیبر پاس پلیٹ فارم شہریوں کو ایک محفوظ، یکساں اور ڈیجیٹل شناخت فراہم کرتا ہے جو قومی شناختی کارڈ سے منسلک ہوںگی۔ اس کے ذریعے ہر شہری اپنے موبائل فون کے ذریعے مختلف سرکاری خدمات کے لیے درخواست دے سکتا ہے۔ اب دفتر کے چکر، کاغذات کی فوٹو کاپی اور وقت کا ضیاع ماضی کا حصہ بنیں گے۔

ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا کہ یہ صرف ٹیکنالوجی نہیں بلکہ شہریوں کی عزتِ نفس، مساوات اور سہولت کا مظہر ہے۔ چاہے کوئی شہری کوہاٹ میں ہو، ڈی آئی خان میں یا دیر کے کسی پہاڑی گاؤں میں، سب کے لیے سرکاری خدمات تک رسائی یکساں ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ خیبر پاس پلیٹ فارم کو ''دستک'' اور ''پیمیر'' سے منسلک کیا گیا ہے، جو بالترتیب ون ونڈو سروس ڈیلیوری اور ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام ہیں، یوں یہ ایک مکمل ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر کی صورت اختیار کر گیا ہے۔

ڈاکٹر شفقت ایاز نے تقریب کے شرکاء کو بتایا کہ صوابی کی بیوہ خاتون زکوٰة کے لیے صرف ایک بار موبائل سے شناخت کرا کے سہولت حاصل کرے گی۔کوہاٹ کا نوجوان فری لانس پرمٹ آن لائن حاصل کرے گا، دفتر آئے بغیر۔انہوں نے کہا کہ بنوں اور ایبٹ آباد میں نئے سِٹیزن فیسیلیٹیشن سنٹرز کا افتتاح کیا جا رہا ہے تاکہ یہ سہولیات صوبے کے ہر شہری کو میسر ہو۔ڈاکٹر شفقت ایاز نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے وژن، رہنمائی اور مسلسل تعاون کے بغیر یہ کامیابی ممکن نہ تھی۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ڈیجیٹل انقلاب کا آغاز ہو چکا ہے اور خیبر پاس پلیٹ فارم اس سفر کا پہلا اور مستحکم قدم ہے۔