ملکی و غیر ملکی کمپنیاں بلوچستان کے معدنیات، صنعت، قابل تجدید توانائی، زراعت اور سیاحت میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی رکھتی ہیں، بلال خان کاکڑ

منگل 8 جولائی 2025 22:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جولائی2025ء) ڈائریکٹر جنرل لیویز بلوچستان عبدالغفار مگسی نےسرمایہ کاری بورڈ کے دفتر کا دورہ کر کےوائس چیئرمین بلال خان کاکڑ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں بلوچستان کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں سرمایہ کاروں کی سکیورٹی اور اعتماد سازی سے متعلق اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے کہا کہ ملکی و غیر ملکی کمپنیاں بلوچستان کے مختلف شعبوں جیسے کہ معدنیات، صنعت، قابل تجدید توانائی، زراعت اور سیاحت میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی رکھتی ہیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت بلوچستان سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے پالیسی معاونت، انفراسٹرکچر کی بہتری اور مؤثر سکیورٹی نظام پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ بی بی او آئی ٹی سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے ون ونڈو سہولت کار کا کردار ادا کر رہا ہے اور مختلف سرکاری محکموں کے درمیان مؤثر رابطے کو یقینی بنا رہا ہے۔

بلوچستان کے قدرتی وسائل اور اس کی اسٹریٹجک اہمیت سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع فراہم کرتی ہے اور بہتر گورننس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی معاونت کے باعث سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھ رہا ہے۔ڈی جی لیویز عبدالغفار مگسی نے بی بی او آئی ٹی کی سرمایہ کاری کے فروغ کی کوششوں کو سراہا اور وائس چیئرمین کو امن و امان کے قیام میں اپنی مکمل معاونت کی یقین دہانی کرائی۔

انہوں نے کہا کہ لیویز فورس سرکاری اداروں اور سرمایہ کاروں کے ساتھ قریبی تعاون سے سرمایہ کاری کے عمل کو محفوظ اور مؤثر بنانے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیاکہ بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دیا جائے گا تاکہ بلوچستان میں پائیدار، محفوظ اور پرکشش سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول قائم کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :