نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی فیصل آباد نے آن لائن فراڈ کا ڈیجیٹل سنٹر پکڑ لیا

منگل 8 جولائی 2025 22:50

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جولائی2025ء) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی فیصل آباد نے آن لائن فراڈ کا ڈیجیٹل سنٹر پکڑ لیا، سینٹر سے درجنوں غیر ملکی اور مقامی افراد کو سازو سامان سمیت ایجنسی نے تحویل لے لیا۔تفصیلات کے مطابق این سی سی آئی اے فیصل آباد کی ٹیم نے چک نمبر 54 رب سرہالی میں ریڈ کرکے آن لائن فراڈ کرنے والا ڈیجیٹل سینٹر پکڑ لیا۔

متعلقہ حکام نے اے پی پی کو بتایا کہ سینٹر سے 150 کے قریب غیر ملکی اور مقامی افراد جن میں مرد و خواتین شامل ہیں کو تحقیقات کیلئے تحویل میں لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

حکام نے بتایا کہ سائبر کرائم ایجنسی کو آن لان فراڈ کے حوالے درخواستیں موصول ہوئی تھیں جن کی بنیاد پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔ حکام نے مزید بتایا کہ ڈیجیٹل سینٹر سے آن لائن فراڈ کے لئے استعمال ہونے والا سازو سامان ، کمپیوٹر ، لیپ ٹاپس ، انٹرنیٹ ڈیوائسز ، موبائل فونز، سافٹ وئیرز اور دیگر متعلقہ سامان بھی تحویل میں لے لیا گیا۔

حکام نے بتایا کہ تحویل میں لئے گئے سازو سامان کا تجزیہ کیا جارہا ہے جس کی رپورٹ پر تحویل میں لئے جانیوالے غیر ملکیوں اور مقامی افراد سمیت سرغنوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔