حقیقی شارک کا وہ حملہ جس نے مقبول فلم’’ جوز‘‘ کی اینڈنگ کو تبدیل کردیا

ویسے تو اس واقعے کے فلمی عملے کو ہلا دیا مگر انہیں زبردست فوٹیج حاصل ہوگئی

بدھ 9 جولائی 2025 15:01

حقیقی شارک کا وہ حملہ جس نے مقبول فلم’’ جوز‘‘ کی اینڈنگ کو تبدیل کردیا
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2025ء)جوز وہ مقبول ہالی وڈ فلم ہے جس کا نام سنتے ہی ذہن میں گریٹ وائٹ شارک کی تصویر ابھرتی ہے۔1975 میں ریلیز ہونے والی اس فلم کے ڈائریکٹر اسٹیون اسپلبرگ تھے جبکہ رائے شیڈز، رچرڈ ڈریفس اور رابرٹ شا نے اہم کردار ادا کیے تھے۔یہ فلم ایک امریکی ساحلی شہر میں گریٹ وائٹ شارک کے حملوں کے گرد گھومتی ہے۔

اس فلم میں شارک کے بیشتر مناظر کے لیے مصنوعی مشینی شارک کو استعمال کیا گیا جسے بروس کہا جاتا تھا۔مگر فلم کے کیج ڈائیونگ سین کے لیے ڈائریکٹر نے کچھ مختلف کیا۔درحقیقت یہ فلم کا وہ حصہ یا فوٹیج ہے جس میں ایک حقیقی گریٹ وائٹ شارک موجود ہے اور یہ تجربہ لگ بھگ جان لیوا ثابت ہونے والا تھا۔فلم کے اختتام کے قریب دکھایا گیا تھا کہ رچرڈ ڈریفس کا کردار شارک کیج کو استعمال کرکے شارک کو زہریلا انجیکشن لگانے کی کوشش کرتا ہے۔

(جاری ہے)

فلم کے اس سین کی عکسبندی کے لیے ڈائیورز جوڑے ویلری اور رون ٹیلر کی خدمات حاصل کی گئی تھیں جو کہ حقیقی شارکس کے ساتھ کیج ڈائیونگ کرتے رہتے تھے۔ویلری ٹیلر نے ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ جنوبی آسٹریلیا میں شوٹنگ کی گئی اور 15 اور 16 فٹ لمبی شارکس کو زیادہ بڑا دکھانے کے لیے چھوٹی کشتی، ایک چھوٹا کیج اور پستہ قد اداکار کو استعمال کیا گیا۔

وہ اداکار تجربہ کار غوطہ خود نہیں تھا اور شارک سے بھرے پانی کے اندر جانے کے خیال سے نروس تھا۔ایک موقع پر ایک 16 فٹ کی گریٹ وائٹ شارک اس کشتی میں پھنس گئی جس سے کیج کو جوڑا گیا تھا اور خود کو نکالنے کی کوشش میں کیج کو تباہ کر دیا۔ویلری ٹیلر کے مطابق خوش قسمتی سے اس وقت اداکار کیج میں نہیں تھا ورنہ یہ حادثہ جان لیوا ثابت ہوتا۔ویسے تو اس واقعے کے فلمی عملے کو ہلا دیا مگر انہیں زبردست فوٹیج حاصل ہوگئی۔

اس کے بعد ڈائریکٹر نے فلم کے سین کو تبدیل کرکے اس ڈرامائی منظر کو فلم کا حصہ بنالیا۔اوریجنل سین میں رچرڈ ڈریفس کے کردار کو مرنا تھا مگر حقیقی شارک والے سین میں کچھ کوئی اداکار موجود نہیں تھا تو یہ دکھایا گیا کہ یہ کردار آخری منٹ کیج سے فرار ہوکر بچنے میں کامیاب ہوگیا۔

متعلقہ عنوان :