مشیر صحت احتشام علی (آج ) ژوندون او پی ڈی کار منصوبے کا افتتاح کریں گے

بدھ 9 جولائی 2025 20:40

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جولائی2025ء) مشیر صحت خیبرپختونخوا احتشام علی 10 جولائی جمعرات کو ژوندون او پی ڈی کارڈ کا باضابطہ اجرا کرینگے۔ مشیر صحت اس منصوبے کا آغاز تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال تخت بھائی میں کریں گے۔ منصوبے کی افتتاحی تقریب میں مقامی ایم این ایز اور ایم پی ایز کے علاوہ ضلع مردان کے سیاسی رہنما اور محکمہ صحت کے متعلقہ افسران شرکت کرینگے۔

مشیر صحت احتشام علی کے مطابق اس منصوبے کے تحت مستحق اور نادار شہریوں کو سرکاری ہسپتالوں میں تمام بنیادی ادویات مفت فراہم کی جائیں گی تاکہ کوئی فرد دوا کے اخراجات کے باعث علاج سے محروم نہ رہے۔مشیر صحت نے واضح کیا کہ صحت کارڈ پلس کے تحت اب تک صرف ہسپتال میں داخل مریضوں کو مفت طبی سہولیات فراہم کی جارہی تھیں لیکن ژوندون او پی ڈی کارڈ کی بدولت اب مستحق افراد او پی ڈی خدمات بھی مفت حاصل کرسکیں گے۔

(جاری ہے)

ان کے مطابق ابتدائی طور پر یہ پائلٹ پروگرام مردان میں شروع کیا جا رہا ہے جس سے پہلے مرحلے میں ہزاروں مستحق خاندان مستفید ہوں گے۔ بعد ازاں اس منصوبے کو مرحلہ وار کوہاٹ، چترال، ملاکنڈ سمیت دیگر اضلاع تک توسیع دی جائے گی۔حکومت خیبرپختونخوا نے اس انقلابی اقدام کے لیے 2 ارب روپے مختص کیے ہیں جس کا مقصد عوام کو مفت، باوقار اور بروقت علاج کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔مشیر صحت احتشام علی نے کہا کہ صحت ہر انسان کا بنیادی حق ہے اور ہماری حکومت یہ حق عوام کی دہلیز تک پہنچا رہی ہے۔ ژوندون کارڈ صرف ایک سہولت نہیں بلکہ ایک نئی امید اور باعزت زندگی کی ضمانت ہے، عوام اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے اپنا شناختی کارڈ نمبر 9930 پر ایس ایم ایس کر کے اہلیت معلوم کر سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :