برسات کے موسم میں احتیاطی تدابیر اپنا کر بیماریوں سے بچا جا سکتا ہے،ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

بدھ 9 جولائی 2025 22:20

سیالکوٹ ،09 جولائی (اے پی پی) (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جولائی2025ء) سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ برسات کے موسم میں احتیاطی تدابیر اپنا کر بیماریوں سے بچا جا سکتا ہے۔اس موسم میں صفائی کا خاص خیال نہ رکھا جائے تو یہ کئی وبائی بیماریوں کا سبب بھی بن سکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے شریفاں بی بی میموریل ہسپتال کوبے چک میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ بارشوں کے دنوں میں پانی جمع ہونے سے مچھر اور دیگر جراثیم پیدا ہوتے ہیں جو ڈینگی، ملیریا، اسہال، ٹائیفائیڈ اور جلدی امراض جیسی بیماریاں پھیلا سکتے ہیں۔ عوام الناس خصوصاً دیہی علاقوں کے مکینوں کو چاہیے کہ اپنے گھروں اور ارد گرد کے ماحول کو صاف رکھیں، پانی جمع نہ ہونے دیں اور مچھروں سے بچاؤ کے لیے مناسب اقدامات کریں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے اپنے خطاب میں شریفاں بی بی ہسپتال کی انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ علاقہ مکینوں کو صحت عامہ کی سہولیات مہیا کر کے ایک عظیم خدمت انجام دے رہا ہے۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ برسات کے موسم میں خصوصی طبی کیمپ لگائیں تاکہ مقامی افراد کو بروقت علاج کی سہولت میسر آ سکے۔اس موقع پر انہوں نے محکمہ صحت، ضلعی انتظامیہ اور سول سوسائٹی سے بھی اپیل کی کہ وہ آگاہی مہمات کے ذریعے عوام کو صحت مند طرز زندگی اپنانے اور برسات سے متعلقہ بیماریوں سے بچاؤ کے طریقوں سے روشناس کروائیں۔

تقریب میں مقامی سیاسی و سماجی شخصیات، طبی ماہرین اور بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔ شرکاء نے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے جذبہ خدمت کو سراہا اور ان کے پیغام کو عام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔