صدر آصف زرداری سے ناصر حسین شاہ کی ملاقات، سندھ کے توانائی مسائل پرتفصیلی بریفنگ

ہفتہ 12 جولائی 2025 18:06

صدر آصف زرداری سے ناصر حسین شاہ کی ملاقات، سندھ کے توانائی مسائل پرتفصیلی ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2025ء) صدر مملکت آصف علی زرداری سے وفاقی وزیر توانائی، منصوبہ بندی و ترقیات سندھ ناصر حسین شاہ نے ایوانِ صدر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیر توانائی نے صدر مملکت کو سندھ کے توانائی کے مسائل سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ ناصر حسین شاہ نے صدر کو بتایا کہ صوبے کو درپیش کئی چیلنجز کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ اہم قومی توانائی کمپنیوں، بشمول او جی ڈی سی ایل (OGDCL) اور بجلی فراہم کرنے والے دیگر اداروں میں سندھ کی نمائندگی نہ ہونے کے باعث فیصلوں میں صوبے کے مفادات کو نظرانداز کیا جا رہا ہے۔

ناصر حسین شاہ نے زور دیا کہ کراچی کی بجلی فراہمی کے ذمہ دار ادارے "کے الیکٹرک" میں صوبائی حکومت کی نمائندگی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو درپیش مسائل مثر انداز میں حل کیے جا سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے سندھ میں ایک خودمختار ریگولیٹری ادارے، سندھ الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (SEPRA)، کے قیام سے بھی صدر کو آگاہ کیا۔ وزیر توانائی کے مطابق SEPRA کے قیام کا مقصد "اپنی بجلی، اپنا ٹیرف" کے اصول پر عمل کرتے ہوئے صوبے کے عوام کو مہنگی بجلی سے نجات دلانا ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ توانائی کا حب ہے اور اس کی ترقی پورے ملک کی ترقی کے مترادف ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ سندھ کے توانائی مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے گا اور تمام متعلقہ تحفظات کو دور کیا جائے گا۔