گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل کا جامعہ بلوچستان سب کیمپس پشین کا دورہ

بدھ 9 جولائی 2025 22:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جولائی2025ء) گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے جامعہ بلوچستان کے سب کیمپس پشین کا ایک اہم اور تاریخی دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید درانی، وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی اور صوبائی وزیرِ ریونیو میر عاصم کرد گیلو بھی موجود تھے۔وائس چانسلر جامعہ بلوچستان پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور کیمپس میں جاری تعلیمی سرگرمیوں، ترقیاتی منصوبوں اور مستقبل کے اہداف پر تفصیلی بریفنگ دی۔

یونیورسٹی کی ٹیم نے سب کیمپس پشین کی کارکردگی، موجودہ سہولیات اور زیرِ تکمیل منصوبوں پر ایک جامع پریزنٹیشن بھی پیش کی۔اس دورے کے موقع پر جامعہ کے دیگر اہم عہدیداران بھی شریک تھے جن میں پرو وائس چانسلر ڈاکٹر غلام رزاق شاہوانی، ڈین فیکلٹی آف بایولوجیکل، فارماسیوٹیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز ڈاکٹر محمد ایوب کاکڑ، ڈائریکٹر جنرل انجینئرنگ انجینئر فاروق بادینی، پرنسپل یونیورسٹی لا کالج عصمت اللہ کاکڑ، ڈائریکٹر کیمپسز ڈاکٹر نقیب اللہ اچکزئی، کوآرڈینیٹر پشین کیمپس ڈاکٹر مرزا خان شامل تھے۔

(جاری ہے)

یہ گورنر اور وزرا کا سب کیمپس پشین کا پہلا باضابطہ دورہ تھا، جو بلوچستان کے دور افتادہ علاقوں میں اعلی تعلیم کی اہمیت اور حکومت کے عزم کا عکاس ہے۔ وفد نے کیمپس کے اساتذہ، طلبا اور انتظامی عملے سے ملاقات کی اور جامعہ بلوچستان کی معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔اس موقع پر گورنر جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ حکومت جامعہ بلوچستان، بالخصوص پشین کیمپس کو ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی تاکہ علاقے کے نوجوانوں کو معیاری اور جدید تعلیم کے مساوی مواقع میسر آئیں۔

صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید درانی نے کہا کہ حکومت بلوچستان نوجوانوں کو تعلیمی میدان میں بااختیار بنانے کے لیے پرعزم ہے اور دیہی علاقوں میں تعلیمی ترقی کو اپنی اولین ترجیح قرار دیتی ہے۔صوبائی وزیرِ ریونیو میر عاصم کرد گیلو نے اس موقع پر اعلان کیا کہ سب کیمپس پشین کے لیے مستقل زمین مختص کی جائے گی، جس سے اس کیمپس کی طویل المدتی ترقی اور انفراسٹرکچر کی بہتری ممکن ہو سکے گی۔

یہ دورہ تعلیمی ترقی کے عزم، دیہی علاقوں میں تعلیم کے فروغ اور طلبا کو جدید سہولیات کی فراہمی کے وعدے کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ حکومتی نمائندوں نے جامعہ بلوچستان کی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ سب کیمپس پشین جلد ہی بلوچستان کے تعلیمی نقشے پر ایک نمایاں سنگِ میل ثابت ہوگا۔