اداکارہ حمیرا اصغر کی تدفین کا فیصلہ، سندھ حکومت نے ذمہ داری اٹھا لی

جمعرات 10 جولائی 2025 21:35

اداکارہ حمیرا اصغر کی تدفین کا فیصلہ، سندھ حکومت نے ذمہ داری اٹھا لی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جولائی2025ء) سندھ حکومت نے مرحومہ کی تدفین اور آخری رسومات کی مکمل ذمہ داری لینے کا فیصلہ کر لیا۔ صوبائی وزیر برائے ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا ہے کہ اگر ورثاء نے لاش وصول نہ کی تو محکمہ ثقافت اداکارہ حمیرا اصغر کا سرکاری طور پر وارث ہوگا۔ صوبائی وزیر نے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے رابطہ کیا اور ڈائریکٹر جنرل کلچر کو اس معاملے پر فوکل پرسن مقرر کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے سیکرٹری ثقافت سندھ کی جانب سے ڈی آئی جی ایسٹ کو لاش حوالگی کے لیے باضابطہ خط بھی ارسال کر دیا گیا ہے۔ ذوالفقار علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حمیرا اصغر لاوارث نہیں، سندھ حکومت ان کا وارث ہے۔ یہ واقعہ نہایت افسوسناک اور دل دہلا دینے والا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری اولین ترجیح ہے کہ مرحومہ کے والدین یا قریبی رشتہ دار لاش وصول کریں، لیکن اگر ایسا نہ ہوا تو تدفین، قبرستان میں تدفین کا انتظام، اور دیگر تمام مراحل محکمہ ثقافت کی زیر نگرانی مکمل کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس نازک موقع پر پولیس کے ساتھ مکمل رابطے اور تعاون سے محکمہ ثقافت اپنا اخلاقی، انسانی اور سماجی کردار بخوبی ادا کرے گا۔

متعلقہ عنوان :