وی پی این سروس پرووائیڈرز کی رجسٹریشن کا عمل جاری، کسی قسم کی سست روی کا شکار نہیں ، پی ٹی اے

جمعرات 10 جولائی 2025 22:01

وی پی این سروس پرووائیڈرز کی رجسٹریشن کا عمل جاری، کسی قسم کی سست روی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جولائی2025ء) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی ای)نے وی پی این سروس پرووائیڈرز کی رجسٹریشن کے عمل سے متعلق واضح کیا ہے کہ رجسٹریشن کا عمل مکمل طور پر فعال اور تسلسل سے جاری ہے، اور اس میں کسی قسم کی سست روی نہیں پائی جاتی۔پی ٹی اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اب تک 9 وی پی این سروس پرووائیڈرز کی درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، جن میں سے 8 کو رجسٹر کر لیا گیا ہے، جبکہ 4 کو باقاعدہ طور پر آپریشنز شروع کرنے کی اجازت بھی دے دی گئی ہے۔

اتھارٹی نے واضح کیا کہ رجسٹریشن کے لیے کسی خاص تعداد کا ہدف مقرر نہیں کیا گیا، بلکہ یہ عمل جاری بنیادوں پر مکمل کیا جا رہا ہے۔ پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ وی پی این سے متعلق تمام سرگرمیاں ریگولیٹری فریم ورک کے اندر رہ کر انجام دی جائیں گی اور غیر رجسٹرڈ وی پی اینز کے خلاف کارروائی موجودہ پالیسی ہدایات کے تحت عمل میں لائی جائے گی۔

(جاری ہے)

اتھارٹی کے مطابق وی پی این سروس پرووائیڈرز کی رجسٹریشن نہ صرف اس شعبے کو ترقی دینے میں معاون ثابت ہوگی بلکہ اس سے صارفین کے مفادات اور سروس پرووائیڈرز کے حقوق کا بھی تحفظ ممکن بنایا جا سکے گا۔

پی ٹی اے نے بتایا کہ وی پی این کی رجسٹریشن وزارت آئی ٹی کی درخواست پر شروع کی گئی، جب کہ اس حوالے سے پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ (PSEB) اور آئی ٹی انڈسٹری نے بھی باقاعدہ درخواست دی تھی۔ براڈ بینڈ پالیسی کے تحت وی پی این کو ویلیو ایڈڈ سروس کے طور پر درجہ بند کیا گیا ہے، جس کے مطابق اتھارٹی اسے مختلف طریقہ کار کے تحت ریگولیٹ کرتی ہے۔