رکن قومی اسمبلی محمد افضل کی زیر صدارت قائمہ کمیٹی برائے قواعد و ضوابط اور استحقاق کااجلاس

جمعرات 10 جولائی 2025 20:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2025ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قواعد و ضوابط اور استحقاق نے متفقہ طور پر سٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) گجرات کو مبینہ طور پر رکن قومی اسمبلی چوہدری نصیر احمد عباس کا استحقاق مجروح کرنے پر معطل کرنے کی سفارش کی ہے تاہم ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) گجرات نے کمیٹی کو معاملہ کی محکمانہ انکوائری کرنے اور کمیٹی کو رپورٹ کے تحت مذکورہ ایس ایچ او کے خلاف تادیبی کارروائی کی یقین دہانی کرائی ہے ۔

(جاری ہے)

قائمہ کمیٹی برائے قواعد و ضوابط اور استحقاق کااجلاس جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ایم این اے محمد افضل کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں کمیٹی کے ارکان سمیت متعلقہ سرکاری اداروں کے اعلی افسران نے شرکت کی۔کمیٹی نے ایم این اے سید رفیع اللہ کی طرف سے قومی اسمبلی میں رولز آف پروسیجر اینڈ کنڈکٹ آف بزنس، 2007 میں تجویز کردہ ترامیم پر غور کیا۔ وزیر پارلیمانی امور کی درخواست پر تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کے درمیان مزید غور و خوض کے لئے معاملہ ہاؤس بزنس ایڈوائزری کمیٹی کو بھجوا دیا گیا۔