انجمن امامیہ گلگت بلتستان کا چھموگڑھ واقعے کی جوڈیشل کمیشن کے ذریعے غیر جانبدارانہ تحقیقات کروانے کا مطالبہ

جمعرات 10 جولائی 2025 21:55

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جولائی2025ء)صدر مرکزی انجمن امامیہ گلگت بلتستان سید شراف الدین اور کابینہ اراکین نے چھموگڑھ واقعے کی جوڈیشل کمیشن کے ذریعے غیر جانبدارانہ تحقیقات کروانے کا مطالبہ کردیا۔ گلگت پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سید شرف الدین نے کہا کہ واقعے کا سبب بننے والے تمام کرداروں کو شامل تفتیش کرتے ہوئے قرار واقعی سزا دی جائے۔

مکتب تشیع کسی بھی قیمت پر مراسم عزاداری کی ادائیگی میں قدغن برداشت نہیں کرتی لہذا آئندہ سال مزید حساس ہونے کے پیش نظر 8 محرم الحرام مقپون داس مجلس عزا میں براستہ چھموگڑھ جانے والے عزاداروں کے روٹ کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل تلاش کیا جائے۔پولیس جوان تذکیر حسین جس کو دوران ڈیوٹی گولی لگنے سے شدید زخمی ہو کر ایک ٹانگ سے محروم ہو چکا ہے اس کو خدمات کے اعتراف میں سول اعزاز سے نوازا جائے۔

(جاری ہے)

مصنوعی ٹانگ لگانے اور علاج معالجے کی تمام تر سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ مالی پیکیج کا اعلان کیا جائے تاکہ زندگی بھر کیلئے معذور ہونے والے اس پولیس جوان کے دکھ درد کا کچھ نہ کچھ مداوا ہو سکے اور تمام زخمی عزاداروں کی علاج معالجے کے علاوہ مالی پیکییچ سمیت نزر آتش ہونی والی موٹرسائیکلوں اورگاڑیوں کا معاوضہ فوری ادا کیا جائے کوہستان و گلگت بلتستان کے ان تمام علمائے کرام، عمائدین خصوصا چھموگڑھ ضلع دیامر ضلع کوہستان اور ضلع گلگت کے عمائدین و اکابرین،سیاسی و سماجی شحصیات جنہوں نے تعمیری کردار اداکرتے ہوئے امن و امان بر قرار رکھنے کا پیغام دیا اور اس سانحے کے اثرات کو گلگت بلتستان کے دیگر علاقوں میں پہنچنے سے روکا اور مرکزی انجمن امامیہ سے مسلسل رابطے میں رہے ہم ان تمام عمائدین اکابرین، علما اور تنظیمات کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں ۔