بروقت ایف آئی آرکا اندراج عام آدمی کاقانونی حق ہے، ہر صورت معاونت کی جائے، سی سی پی او لاہور

جمعرات 10 جولائی 2025 22:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2025ء) سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت کیپٹل سٹی پولیس ہیڈ کوارٹرز میں اقبال ٹاون اور صدر ڈویژنز کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ سی سی پی او لاہورنے عاشورہِ محرم کے دوران بہترین سکیورٹی انتظامات پر فورس کو شاباش دیتے ہوئے ان کیلئے تعریفی اسناددینے کی ہدایات جاری کیں۔

بلال صدیق کمیانہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محرم الحرام کے عشرہ دوئم و سوئم اور صفرالمظفرکی مجالس و جلوس، چہلم حضرت امام حسین اورعرس حضرت علی ہجویری کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کی بھی ہدایات دیں۔انہوںنے منشیات کے خاتمے اور جوئے کی روک تھام کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کے احکامات جاری کئے۔ انہوں نے سکیورٹی گارڈز اور ٹھیکری پہرے کیلئے تعینات گارڈزکی مانیٹرنگ کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ رہائشی علاقوں میں بیریئرز کی تنصیب کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ قانونی تقاضوں کی تعمیل کئے بغیر مقدمات عدم پتہ قرار دینے کی صورت میں ایس ڈی پی او سے جواب طلبی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پراسیکیوٹر ز کی قانونی معاونت سے عدم پتہ مقدمات کو جلدیکسو کروائیں۔سی سی پی او لاہو رنے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افسران و جوان پروفیشنل پولیسنگ پر فوکس کریں۔انہوں نے کہا کہ پولیس افسران و اہلکاران اپنی ذمہ داریاں پیشہ ورانہ انداز میں انجام دیں، اس سے ادارے کی امیج بلڈنگ میں مدد ملے گی۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ بروقت ایف آئی آرکا اندراج عام آدمی کاقانونی حق ہے، ہر صورت معاونت کی جائے۔