شہباز حکومت کے 1 فیصلے نے شوگر ملز کی موجیں کرا دیں

چند ماہ میں چینی 75 روپے مہنگی کر کے عوام کی جیبوں سے اربوں روپے اضافی نکال لیے گئے

muhammad ali محمد علی جمعہ 11 جولائی 2025 19:33

شہباز حکومت کے 1 فیصلے نے شوگر ملز کی موجیں کرا دیں
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 جولائی2025ء) شہباز حکومت کے 1 فیصلے نے شوگر ملز کی موجیں کرا دیں، چند ماہ میں چینی 75 روپے مہنگی کر کے عوام کی جیبوں سے اربوں روپے اضافی نکال لیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں چینی کی قیمت میں اضافہ ہوگیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک میں چینی کی اوسط فی کلو قیمت 200 روپے سے اوپر جا چکی ہے۔ اس حوالے سے سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل انکشاف کر چکے کہ حکومت کی جانب سے شوگر ملز کو چینی ایکسپورٹ کرنے کی اجازت دینے کے فیصلے کے بعد سے ملک میں چینی کی قیمت 75 سے 80 روپے فی کلو بڑھ چکی ہے۔

گشتہ 3 سالوں کے دوران حکومت متعدد مواقع پر شوگر ملز کو چینی ایکسپورٹ کرنے کی اجازت دے کر چینی مہنگی کرنے کی وجہ بنی، تام اس کے باوجود گزشتہ سال حکومت نے ایک مرتبہ پھر شوگر ملز کو بیرون ملک چینی فروخت کرنے کی اجازت دی اور دعوٰی بھی کیا کہ ملک میں چینی کا وافر سٹاک موجود ہے، چینی مہنگی نہیں ہو گی۔

(جاری ہے)

شہباز شریف حکومت کی جانب سے دعوٰی کیا گیا تھا کہ کرشنگ سیزن سے پہلے ملک میں نہ چینی کم ہوگی نہ قیمتیں بڑھیں گی، نہ چینی درآمد کرنے کی ضرورت پڑے گی لیکن سارے وعدے، ساری یقین دہانیاں ہوا میں اڑ گئیں۔

چینی کی قیمت آؤٹ آف کنٹرول ہوئی، چینی درآمد کرنے کی بھی نوبت آگئی جس سے ایک مرتبہ پھر قیمتی کروڑوں ڈالرز خرچ ہوں گے۔ بتایا گیا ہے کہ دسمبر 2024 میں جس چینی کا ایکس مل ریٹ 125 سے 130 روپے کلو تھا، آج وہ چینی ریٹیل میں 190 سے 200 روپے کلو تک جا پہنچی ہے۔لاہور میں چینی 6 روپے اور کوئٹہ میں 5 روپے کلو مہنگی ہوگئی، ایک کلو چینی لاہور میں 190 روپے اور کوئٹہ میں بھی 190روپے میں فروخت ہورہی ہے۔کوئٹہ میں چینی ایک ماہ میں 10 روپے فی کلو منہگی ہوئی ہے اور کراچی میں چینی کا ریٹ 200 روپے کلو تک جا پہنچا ہے۔