قصور میں گرین بیلٹ کی بحالی، لاہور ہائیکورٹ نے 28 جولائی تک رپورٹ طلب کرلی

جمعہ 11 جولائی 2025 22:36

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جولائی2025ء)لاہور ہائیکورٹ میں قصور شہر کی گرین بیلٹ کی بحالی کے لیے دائر متفرق درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے جوڈیشل واٹر کمیشن سے 28 جولائی تک جامع رپورٹ طلب کر لی ہے۔سماعت کے دوران ممبر جوڈیشل کمیشن نے عدالت کو آگاہ کیا کہ جوڈیشل واٹر کمیشن اگلے ہفتے قصور کا دورہ کرے گا۔

(جاری ہے)

اس دورے کے دوران شہر میں گرین بیلٹ کی موجودہ صورتحال، واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کی بحالی اور دیگر ماحولیاتی امور کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔

درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ قصور میں گرین بیلٹس تباہ ہو چکی ہیں، اور ماحولیاتی بہتری کے لیے فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔ عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد جوڈیشل واٹر کمیشن کو ہدایت کی کہ دورے کے بعد تمام نکات پر مشتمل رپورٹ 28 جولائی کو عدالت میں پیش کی جائے۔