خیبرپختونخوا حکومت نے نئی آسامیوں کی تخلیق اور گاڑیوں کی خریداری پر پابندی لگادی

سرکاری اخراجات پر ورکشاپس ،تربیتی پروگرامز میں شرکت اور انعقاد سمیت بیرون ملک علاج پر بھی پابندی عائد

جمعہ 11 جولائی 2025 21:15

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2025ء)خیبرپختونخوا حکومت نے نئے مالی سال کیلئے کفایت شعاری اقدامات جاری کردیئے، نئی آسامیوں کی تخلیق اور گاڑیوں کی خریداری پر پابندی عائد کردی گئی۔

(جاری ہے)

صوبائی محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری کفایت شعاری اقدامات کے مطابق مکمل شدہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے وزیراعلی کی منظوری سے مطلوبہ آسامیوں کے قیام کی منظوری دی جائے گی، ایمبولینس، فائر بریگیڈ، ٹریکٹرز، مسافربسوں، ریسکیو گاڑیوں، کشتیوں اور قیدیوں کی گاڑیوں کی خریداری پر پابندی عائد نہیں ہوگی، دیگر تمام ہرقسم کی گاڑیوں کی خریداری پر پابندی عائد ہوگی۔

اقدامات کے مطابق اراکین صوبائی اسمبلی کے علاوہ دیگر کے سرکاری اخراجات پر دیگر ممالک میں ورکشاپس اور تربیتی پروگراموں میں شرکت پر پابندی عائد کردی گئی، فائیو اسٹار ہوٹلوں میں سرکاری اخراجات پر سیمینارز اور ورکشاپس کے انعقاد پر پابندی عائد ہوگی۔سرکاری اخراجات پر بیرون ملک علاج و معالجے پر پابندی عائد ہوگی، محکمہ خزانہ کی پیشگی اجازت کے بغیر چھٹی پر گئے کسی ملازم کی اسامی پر تقرری نہیں کی جائے گی۔