Live Updates

گزشتہ مالی سال کے دوران مجموعی آمدن 5 ارب 65 کروڑ روپے تک پہنچ گئی،92 کروڑ 50 لاکھ روپے کا ریکارڈ اضافہ

جمعہ 11 جولائی 2025 21:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2025ء)متروکہ وقف املاک بورڈ کی سالانہ آمدن میں مالی سال 25-2024 کے دوران 92 کروڑ 50 لاکھ روپے کا ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، جس سے مجموعی آمدن 5 ارب 65 کروڑ روپے تک پہنچ گئی، جو کہ گزشتہ سال 4 ارب 72 کروڑ روپے تھی۔بورڈ کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق جائیدادوں کے کرایہ، لیز اور بقایاجات کی مد میں نمایاں وصولیاں ہوئیں۔

زرِ پٹہ سے 69 کروڑ 58 لاکھ، نیلام جائیدادوں سے ناقابل واپسی زرِ ضمانت کی مد میں 32 کروڑ 18 لاکھ، جبکہ موجودہ کرایہ کی مد میں 2 ارب 32 کروڑ روپے حاصل ہوئے۔ تاہم کرایہ کے بقایاجات میں 5 کروڑ 55 لاکھ روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔اقلیتی عبادت گاہوں کی تزئین و آرائش اور بیرون ملک سے آنے والے سکھ و ہندو یاتریوں کی سہولیات پر 1 ارب 13 کروڑ روپے خرچ کیے گئے۔

(جاری ہے)

منصوبہ جات میں گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں رہائشی کمپلیکس، کٹاس راج، ڈیرہ صاحب اور پنجہ صاحب میں تعمیر و مرمت شامل ہیں۔ آئندہ مالی سال 26-2025 کے بجٹ میں ان منصوبوں کے لیے 99 کروڑ 13 لاکھ روپے مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن پر 2 ارب 5 کروڑ روپے خرچ کیے گئے جبکہ آئندہ سال کے لیے 2 ارب 38 کروڑ 40 لاکھ روپے کی سفارش کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ ایڈوانس کی مد میں 22 کروڑ 50 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔سیکرٹری بورڈ فرید اقبال کے مطابق محکمہ نے اپنے مالی اہداف کے حصول کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے۔ چیئرمین بورڈ ڈاکٹر ساجد محمود چوہان نے محکمہ کو مثر قیادت فراہم کی جبکہ وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر سید عطا الرحمن کی ہدایات پر وقف املاک کے تحفظ کو قومی ذمہ داری کے طور پر یقینی بنایا گیا۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات