شام کے صوبے اللاذقیہ کے جنگلات میں آگ 15 ہزار ہیکٹر تک پھیل گئی

جنگ میں بچ جانے والی بارودی سرنگیں اور گولہ بارود فائر فائٹرز کی نقل و حرکت میں رکاوٹ بن رہے ہیں،حکام

ہفتہ 12 جولائی 2025 14:15

دمشق(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2025ء)شام کی عبوری حکومت کی وزارت ہنگامی امور و آفات کی جانب سے جاری کردہ ایک رپورٹ کے مطابق اللاذقیہ صوبے کے شمال میں پہاڑی جنگلاتی علاقے میں آگ لگ گئی ہے جو 15 ہزار ہیکٹر کے رقبے پر پھیل گئی ہے اور اس کا رقبہ بڑھتا جا رہا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق 150 سے زیادہ فائر فائٹنگ ٹیمیں، سول ڈیفنس یونٹس اور رضاکار یونٹس آگ بجھانے میں حصہ لے رہے ہیں۔

300 فائر ٹرکس اور درجنوں بھاری انجینئرنگ گاڑیاں اللاذقیہ میں بھیجی گئی ہیں۔ یہ گاڑیاں جنگلات کے علاقوں کو الگ کرنے اور آگ کے حفاظتی بند بنانے کے لیے استعمال ہوتی ہیں۔ترکیہ اور اردن سے فائر فائٹنگ ٹیمیں بھی کارروائیوں میں حصہ لے رہی ہیں اور توقع ہے کہ اگلے چند گھنٹوں میں عراق سے یونٹس بھی شام پہنچ جائیں گے۔

(جاری ہے)

ترکیہ ، اردن اور لبنان سے تعلق رکھنے والے ایئر فائر فائٹنگ فورس کے 16 طیارے جنگلاتی علاقے میں آگ بجھانے کے لیے استعمال کیے جا رہے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان تمام اقدامات کے باوجود آفت زدہ علاقے میں توسیع ہوتی جارہی ہے۔ آگ کے پھیلنے میں تیز ہوائیں مددگار ثابت ہو رہی ہیں اور جنگ میں بچ جانے والی بارودی سرنگوں اور گولہ بارود کی موجودگی فائر فائٹرز کی نقل و حرکت میں رکاوٹ بن رہی ہے۔