بیٹی کے قتل کے حوالے سے تحقیقات ہونی چاہیں؟،صحافی کا سوال، جو اللہ بہتر سمجھے گا وہی ہوگا، مرحومہ حمیرا اصغر کے والد کا جواب

پوسٹ مارٹم رپورٹ پر ابھی کچھ نہیں کہنا چاہتا، جب تک لاش کا پوسٹ مارٹم نہ ہوجائے تب تک ہم میت کیسے لے سکتے تھے؟، ایسے کیسز میں پولیس سے لاش وصول کرنے کا ایک طریقہ کار ہوتا ہے جس میں وقت لگتا ہے، والد کی میڈیا سے گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 12 جولائی 2025 12:05

بیٹی کے قتل کے حوالے سے تحقیقات ہونی چاہیں؟،صحافی کا سوال، جو اللہ ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12جولائی 2025)اداکارہ و ماڈل حمیرااصغر کے والد پہلی بار منظر عام آ گئے، کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 6 کے فلیٹ سے مردہ پائی جانے والی مرحومہ اداکارہ حمیرا اصغر کے والد سے تدفین کے بعد صحافی نے سوال کیا کہ بیٹی کے قتل کے حوالے سے تحقیقات ہونی چاہیں؟جس کے جواب میں اداکارہ کے والد نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ جو اللہ بہتر سمجھے گا وہی ہوگا۔

بیٹی کی موت کی وجہ قتل کا ہونا اور پوسٹ مارٹم سے متعلق سوالات پر اداکارہ حمیرا کے والد نے کہا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ پر ابھی کچھ نہیں کہنا چاہتا۔ صحافی نے سوال کہ آپ 9 مہینے سے بیٹی سے رابطے میں نہیں تھے، اب جو پوسٹ مارٹم رپورٹ آئی ہے اس پر کیا کہیں گے؟اس پروالد کا کہنا تھا کہ مجھے اس حوالے سے کچھ بھی نہیں پتا۔

(جاری ہے)

یہ ساری معلومات میرے بیٹے کو ہیں۔

میرے پاس سمارٹ فون بھی نہیں۔ میں ایک سادہ سا فون رکھتا ہوں۔لاش وصول نہ کرنے سے متعلق سوال پرانہوں نے کہا کہ جب تک لاش کا پوسٹ مارٹم نہ ہوجائے تب تک ہم میت کیسے لے سکتے تھے؟۔ ایسے کیسز میں پولیس سے لاش وصول کرنے کا ایک طریقہ کار ہوتا ہے جس میں وقت لگتا ہے۔ اس دوران گفتگو حمیرا اصغر کے کزن نے میڈیا کو بتایا کہ چند دن قبل میری والدہ کی فوتگی کی وجہ سے مامو ں گاؤں میں تھے اور صدمے میں تھے۔

دوران گفتگو حمیرا اصغر کے والد نے بیٹی کی لاش وصول نہ کرنے کی خبروں کی تردید کی اور کہا کہ ہم میں سے کسی نے بھی حمیرا کی لاش وصول کرنے سے انکار نہیں کیا، ابھی تو میڈیکل بھی نہیں ہوا تھا اس کے بعد ہی لاش ورثا کے حوالے کی جاتی ہے۔یاد رہے کہ  گزشتہ روزاداکارہ و ماڈل حمیرہ اصغر کی تدفین لاہور کے مقامی قبرستان میں کر دی گئی تھی۔ مرحومہ حمیرا اصغر کی نماز جنازہ بعد نماز عصر قبرستان میں ہی ادا کی گئی تھی۔

اداکارہ کی نماز جنازہ لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں ادا کی گئی جس کے بعد ان کی تدفین آبائی قبرستان میں کیو بلاک قبرستان میں کردی گئی تھی۔ اداکارہ کی لاش پہنچنے پر لاہور میں جذباتی مناظر دیکھے گئے تھے ان کے قریبی رشتے دار اور عام شہری بھی غم میں ڈوبے دکھائی دئیے تھے۔اداکارہ کی اچانک اورپراسرار موت سے ان کے مداح اور ساتھی فنکار شدید رنج و غم میں مبتلا تھے۔ اداکارہ کی وفات پر فنکاروں کی جانب سے گہرے دکھ کا اظہار کیا گیا تھا۔