پشین شہر کے وسطی علاقے شدید گرمی میں پانی سے محروم

ہفتہ 12 جولائی 2025 16:40

پشین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2025ء)پشین شہر کے وسطی علاقے وارڈ نمبر 23 اچکزئی محلہ مچان ٹاؤن سٹی ٹو کے مکین اس شدید گرمی میں گزشتہ 22 روز سے پینے کے صاف پانی کی سہولت سے محروم ہیں، جس کے باعث عوام کو شدید مشکلات اور اذیت کا سامنا ہے۔ذرائع کے مطابق مذکورہ علاقے میں پینے کے پانی کی سپلائی مکمل طور پر معطل ہے، جس کی وجہ سے علاقہ مکینوں کو روزمرہ امور اور گھریلو ضروریات کی انجام دہی میں بے پناہ دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

اس صورتحال میں خاص طور پر خواتین، بچے اور علاقہ مکین بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔علاقہ مکینوں نے متعدد بار محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور دیگر متعلقہ حکام کو تحریری و زبانی شکایات درج کرائی ہیں، تاہم تاحال اس مسئلے کے حل کے لیے کوئی عملی اقدام نہیں اٹھایا گیا، جس پر شہریوں میں شدید اضطراب اور بے چینی پائی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

شہریوں کے مطابق پانی کی قلت کے باعث انہیں دور دراز کے علاقوں سے بھاری قیمت کے عوض پانی خرید کر لانا پڑ رہا ہے، جو ان کے لیے مالی طور پر انتہائی ناقابل برداشت بوجھ بن چکا ہے۔

علاقہ مکینوں نے اپنے منتخب عوامی نمائندگان، بشمول اراکین صوبائی و قومی اسمبلی، سے اپیل کی ہے کہ وہ اس اہم عوامی مسئلے پر فوری توجہ دیں اور متعلقہ محکموں کو ہدایت جاری کریں کہ پانی کی فراہمی فوری بحال کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے اپنے نمائندوں کو اسی مقصد کے لیے منتخب کیا ہے کہ وہ ان کے مسائل حل کریں اور عوامی فلاح و بہبود کو یقینی بنائیں۔

شہریوں نے صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اس مسئلے کو فوری طور پر ترجیحی بنیادوں پر حل کریں اور ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں جن کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث عوام کو اس اذیت ناک صورتحال کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔مزید برآں، شہریوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر آئندہ چند روز میں پانی کی فراہمی بحال نہ کی گئی تو وہ اپنے آئینی و قانونی حق کے تحت احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ محکموں اور حکام پر عائد ہوگی۔