یونین کونسل گوجرہ میں محکمہ بہبودِ آبادی کی جانب سے ڈور ٹو ڈور رجسٹریشن و آگاہی مہم جاری

اتوار 13 جولائی 2025 15:55

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جولائی2025ء)یونین کونسل گوجرہ میں محکمہ بہبودِ آبادی کے زیر اہتمام ڈور ٹو ڈور رجسٹریشن اور آگاہی مہم بھرپور انداز میں جاری ہے،یہ مہم ضلعی پاپولیشن ویلفیئر آفیسر راجہ اسد الرحمٰن کی خصوصی ہدایت پر شروع کی گئی ہے، جس کی نگرانی سوشل موبلائزر صہیب الفیصل مغل اور تسلیم شفیق کر رہے ہیں۔

مہم کا مقصد عوام الناس کو صحت و صفائی، ماں اور بچے کی صحت، اور بچوں کے درمیان مناسب وقفے کے حوالے سے شعور دینا ہے۔ اس سلسلے میں فلاحی مرکز گوجرہ کی ٹیم علاقہ کے مختلف گھروں میں جا کر رجسٹریشن کا عمل انجام دے رہی ہے اور شہریوں کو مفید معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔سوشل موبلائزرز نے مقامی معززین اور برادری کے دیگر نمائندوں کو بریفنگ بھی دی، جس میں انہیں مہم کی اہمیت سے آگاہ کرتے ہوئے اس میں فعال کردار ادا کرنے کی اپیل کی گئی۔

(جاری ہے)

معززین علاقہ نے محکمہ بہبودِ آبادی کی کاوش کو سراہتے ہوئے اسے وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔اس موقع پر سوشل موبلائزر صہیب الفیصل مغل اور تسلیم شفیق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی ایک سنجیدہ مسئلہ ہے جس پر قابو پانے کے لیے عوام میں شعور بیدار کرنا ناگزیر ہے۔ محکمہ بہبودِ آبادی اس مقصد کے لیے بھرپور انداز میں سرگرمِ عمل ہے اور یہ پیغام گھر گھر پہنچایا جا رہا ہے۔''انہوں نے مزید کہا کہ عوام کے تعاون سے نہ صرف آبادی میں توازن قائم کیا جا سکتا ہے بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے ایک صحت مند اور بہترمعاشرہ بھی تشکیل دیا جا سکتا ہے۔