زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں انڈرگریجویٹ ڈگری پروگرامز میں داخلوں کے لیے پہلا انٹری ٹیسٹ

اتوار 13 جولائی 2025 17:10

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جولائی2025ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں انڈرگریجویٹ ڈگری پروگرامز میں داخلوں کے لیے پہلے انٹری ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں 15,000 سے زائد امیدواروں نے شرکت کی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی کی ہدایت پر امیدواروں اور ان کے والدین کے لیے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا گیا۔

ایڈمیشن کمیٹی کے کنوینر ڈاکٹر ندیم عباس کے مطابق دوسرے انٹری ٹیسٹ کے لیے آن لائن رجسٹریشن 14 جولائی سے 28 جولائی تک جاری رہے گی جبکہ ٹیسٹ 3۔اگست بروز اتوار کو ہوگا۔ ٹیسٹ سینٹرز 12 شہروں میں قائم کیے گئے ہیں جن میں فیصل آباد، لاہور، گوجرانوالہ، لیہ، راولپنڈی، ملتان، رحیم یار خان، سرگودھا، ٹوبہ ٹیک سنگھ، بہاولپور، بورے والا اور دیپالپور/ اوکاڑہ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انٹری ٹیسٹ میں کامیاب ہونے والے امیدوار اپنے منتخب کردہ انڈرگریجویٹ ڈگری پروگرامز کے لیے مین کیمپس فیصل آباد یا اس کے سب کیمپسز میں داخلے کے لیے درخواست دے سکیں گے۔ مزید تفصیلات کے لیے ویب سائٹ www.uaf.edu.pk ملاحظہ کریں۔ مزید برآں پوسٹ گریجویٹ داخلوں کے لیے اکیڈمک سیشن 2025-26ء کے دوسرے جی اے ٹی/جی آر ای سبجیکٹ ٹائپ ٹیسٹ کی آن لائن رجسٹریشن کی آخری تاریخ میں 21 جولائی 2025ء تک توسیع کر دی گئی ہے جبکہ ٹیسٹ 27 جولائی کو منعقد ہوگا۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کو کیو ایس رینکنگ کے مطابق زرعی اور جنگلاتی شعبہ جات میں دنیا کی 34ویں بہترین یونیورسٹی کا درجہ حاصل ہے۔ برصغیر کی پہلی زرعی درسگاہ ہونے کی حیثیت سے یہ جامعہ زرعی ترقی اور غذائی استحکام میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔