راجوال،سرکاری ادویات چوری کیس، فارمیسی مالک گرفتار، مقدمہ درج

سرکاری ادویات بازار میں فارمیسی پر فروخت ہوتی رہیں،لاکھوں کی ادویات برآمد ہوئیں

اتوار 13 جولائی 2025 18:10

راجووال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جولائی2025ء)ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال حویلی میں سرکاری ادویات کی چوری کے معاملے پر اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ تحصیل انتظامیہ کی جانب سے بازار میں واقع فارمیسی کے پروپرائٹر چوہدری افتخار کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کروا دیا گیا ہے۔ گزشتہ دنوں اسی گینگ کے مرکزی ملزم نعیم اللہ کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

اب انفورسمنٹ انسپکٹر میونسپل کمیٹی حویلی وقار احمد کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا جس میں چوہدری افتخار پر سرکاری ادویات خریدنے، رکھنے اور فروخت کرنے کا الزام ہے، جس سے گورنمنٹ کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچا۔ پولیس نے گزشتہ روز مقدمہ درج کرنے کے بعد ملزم کو گرفتار کر لیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کا کہنا ہے کہ سرکاری ادویات کی چوری میں ملوث عناصر کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور تمام قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔