شہر میں داخل ہوتے ہی شہریوں اور مہمانوں کو دلکش احساس دینا ہمارا اولین مقصد ہے،کمشنرملتان

پیر 14 جولائی 2025 18:22

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2025ء) کمشنرملتان عامر کریم خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں داخل ہوتے ہی شہریوں اور مہمانوں کو ایک منفرد اوردلکش احساس دینا ہمارا اولین مقصد ہے۔ اس سلسلے میں ملتان کے تمام داخلی و خارجی راستوں کی جامع منصوبہ بندی کے تحت تزئین وآرائش کی جارہی ہے۔انہوں نے ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مبشر رحمان کی سربراہی میں ایک کمیٹی بنانے کےاحکامات دئیے ،جس میں ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی پی ایچ اے واسا ایم ڈی اے پبلک ہیلتھ ہائی ویز میونسپل کارپوریشن ضلع کونسل کے افسران شامل ہوں گے یہ کمیٹی شہر کی داخلی خارجی شاہراؤں کا دورہ کرکے اس پر ہونے والےترقیاتی کاموں کوما نیٹر کرے گی۔

انہوں نے ایم ڈی اے کو انسداد تجاوزات آپریشن پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی اور واضح کیا کہ شہر کی اہم شاہراہوں پر تجاوزات کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

ناگ شاہ فلائی اوور کے اطراف تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے گا اور دیواروں پر فن پارے بنائے جائیں گے تاکہ شہر کا خوبصورت چہرہ نمایاں ہو۔کمشنرعامر کریم خان نے ہدایت کی کہ ڈیوائیڈر میڈینز پر کسی بھی قسم کے بورڈز لگانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور موجودہ تمام بورڈز فوری طور پر ہٹائے جائیں۔

اس کے ساتھ ساتھ این ایچ اے کو بھی اپنی کنٹرول سڑکوں کی تزئین و آرائش کے لیے عملی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی گئی۔ایم ڈی اے کو قادرپوراں تا چوک کمہاراں روڈ کی اپ گریڈیشن کا منصوبہ 42 ملین روپے کی لاگت سے مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی، جس میں ناگ شاہ تا گیلانی فلائی اوور روڈکی تزئین و آرائش بھی شامل ہوگی۔ علاوہ ازیں، 10 کلومیٹر طویل اولڈ شجاع آباد روڈ پرجدید سٹریٹ لائٹس نصب کی جائیں گی۔

عامر کریم خان نے کہا کہ شہر کے داخلی راستوں پردرخت اور پھول دار پودے لگائے جائیں تاکہ قدرتی خوبصورتی اجاگر ہو۔ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو داخلی راستوں کی خصوصی صفائی کا ٹاسک دیا گیا ہے، جس میں کنٹینرز، ویسٹ ڈرمز اور سینٹری سٹاف کی تعیناتی شامل ہوگی۔واسا کو نکاسی آب کے مسائل حل کرنے کے لیے بلاک شدہ گٹر لائنوں کی مکمل ڈی سلٹنگ کروانے کا حکم دیا گیا۔ کمشنر نے قادرپورراں تا کمہارانوالہ اور شیر شاہ انٹرچینج تا گیلانی فلائی اوور تک لین مارکنگ، زیبرا کراسنگ اور ٹریفک سگنلز نصب کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں۔اجلاس میں موجود تمام افسران کو ہدایت دی گئی کہ تمام اقدامات بروقت اور معیاری انداز میں مکمل کیے جائیں ،تاکہ شہریوں کو بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :