فلسطین کو فوری طور پر ریاست تسلیم کیا جائے، 60 لیبر ارکان پارلیمنٹ کا برطانیہ سے مطالبہ

اسرائیلی وزیر دفاع کا اعلان انسانیت کے خلاف جرم کا آپریشنل منصوبہ ہے، وزیرخارجہ کو خط

پیر 14 جولائی 2025 23:03

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جولائی2025ء)لگ بھگ 60 برطانوی لیبر ارکانِ پارلیمنٹ نے وزیرِ خارجہ ڈیوڈ لامی کو خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ برطانیہ فلسطین کو فورا بطور ریاست تسلیم کرے، میڈیارپورٹس کے مطابق خط میں ارکان پارلیمنٹ نے خبردار کیا کہ انہیں یقین ہے کہ غزہ میں جاری اقدامات دراصل نسلی تطہیر ہیں۔انہوں نے لکھا ہے کہ اسرائیلی وزیر دفاع کا اعلان انسانیت کے خلاف جرم کا آپریشنل منصوبہ ہے، یہ منصوبہ ایک پوری آبادی کو جبری طور پر بے دخل کرنے کا منظم طریقہ کار معلوم ہوتا ہے۔

اراکین پارلیمنٹ نے اپنے خط میں لکھاہے کہ ہم آپ کو یہ خط نہایت تشویش اور ہنگامی صورتحال کے پیش نظر لکھ رہے ہیں، جو اسرائیلی وزیرِ دفاع کے اس اعلان سے پیدا ہوئی ہے، جس میں انہوں نے پیر کے روز غزہ کے تمام فلسطینی شہریوں کو جبری طور پر رفح کے تباہ شدہ شہر میں قائم ایک کیمپ میں منتقل کرنے کا منصوبہ پیش کیا ہے اور انہیں وہاں سے نکلنے کی اجازت نہ دینے کی بھی بات کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا اسرائیلی انسانی حقوق کے ممتاز وکیل، مائیکل سفارد نے اس منصوبے کو انسانیت کے خلاف جرائم کا عملی منصوبہ قرار دیا ہے، یہ غزہ کے جنوبی کنارے پر آبادی کی جبری منتقلی اور پھر مکمل بے دخلی کی تیاری ہے۔یہ خط Labour Friends of Palestine and the Middle East کی جانب سے ترتیب دیا گیا ہے اور اس پر پارٹی کے مختلف دھڑوں سے تعلق رکھنے والے 59 ایم پیز کے دستخط موجود ہیں۔