اوگی میں پانچ روزہ صفائی مہم کا آغاز،آگاہی واک کاانعقاد

پیر 14 جولائی 2025 21:30

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2025ء) اوگی میں پانچ روزہ صفائی مہم کا آغازکردیا گیا ہے۔مہم کا بنیادی مقصد شہر کو صاف ستھرا بنانا اور عوام میں صفائی سے متعلق شعور و آگاہی پیدا کرنا ہے۔اس سلسلے میں تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن (ٹی ایم اے) اوگی کے زیر اہتمام ایک آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔

واک کی قیادت چیئرمین ڈیڈک کمیٹی مانسہرہ رکنِ صوبائی اسمبلی اکرام غازی، ٹی ایم او عامر شہزاد اور صدر ایوانِ تجارت اوگی عطا اللہ تنولی نائب صدر عبدالرزاق فوجی نے کی۔ شرکاء نے صفائی کی اہمیت اجاگر کرنے والے بینرز اور پلے کارڈبھی اٹھا رکھے تھے۔اس موقع پر ٹی ایم او عامر شہزاد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پانچ روزہ مہم کے دوران شہر کے تمام بازاروں، گلیوں اور ندی نالوں کی مکمل صفائی کی جائے گی تاکہ شہر کو صاف، سرسبز اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ صفائی میں ٹی ایم اے کا بھرپور ساتھ دیں اور اس کو اپنی اجتماعی ذمہ داری سمجھیں۔ ایم پی اے اکرام غازی نے اس موقع پر بتایا کہ مون سون کے دوران ممکنہ طغیانی سے بچاؤ کے لیے حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور ندی نالوں کی صفائی و مضبوطی کے لیے چالیس کروڑ روپے کا فنڈ مختص کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ صفائی مہم نہ صرف ماحول کی بہتری بلکہ شہریوں میں ذمہ داری کا احساس بیدار کرنے کا بھی ایک اہم ذریعہ ہے۔مہم پانچ دن تک جاری رہے گی جس میں سرکاری اداروں، عوامی نمائندوں کےعلاوہ عام شہری بھی شریک ہونگے۔ انتظامیہ کی جانب سے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بھرپور تعاون کرتے ہوئے شہر کو صاف اور صحت مند بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

متعلقہ عنوان :