اسرائیل نے غزہ کیلئے ممنوعہ اشیا کی فہرست میں بنیادی طبی آلات بھی شامل کردیے

ممنوعہ طبی اشیا کی فہرست میں آپریٹنگ ٹیبل، بلیڈ ، الٹراسائونڈ مشینوں کے پرزے شامل

منگل 15 جولائی 2025 16:04

تل ابیب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2025ء)اسرائیل نے غزہ میں کئی مہینوں سے خوراک اور طبی آلات کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کر رکھی ہے جس کے بعد اب اسرائیلی اخبار ممنوعہ طبی اشیا کی فہرست منظر عام پر لے آیا۔اسرائیلی اخبار نے جون میں مرتب کی گئی جن ممنوعہ طبی اشیا کی فہرست حاصل کی ہے ان میں آپریٹنگ ٹیبل، سرجکل بلیڈ، الٹراسائونڈ مشینوں کے پرزے اور دیگر بنیادی طبی سامان شامل ہے۔

اسرائیل کی جانب سے طبی ضروریات کے لیے جنریٹرز اور موبائل ہیلتھ کلینکس کے لیے عارضی خیموں کے داخلے پر بھی مکمل پابندی عائد کی گئی ہے اور ان اشیا کو غزہ میں داخلے کی اجازت نہیں دی جارہی۔ اسرائیلی حکام نے دعوی کیا کہ ان طبی آلات کو حماس ہتھیار سازی کیلیے استعمال کرسکتی ہے، اسی لیے انہیں غزہ میں داخلے کی اجازت نہیں دی جارہی۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق اسرائیل کی جانب سے جنگ کے دوبارہ آغاز پر تمام طبی اور امدادی سامان کی ترسیل پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی تھی، صرف چند اشیا کو اسرائیلی سکیورٹی اداروں کی منظوری کے بعد داخلے کی اجازت دی گئی۔

بعدازاں امدادی اداروں نے طبی سازوسامان کی ترسیل کی اجازت کے لیے درخواست دی مگر اسرائیل نے اسے مسترد کر دیا۔رپورٹ کے مطابق طبی آلات کے علاوہ اسرائیل کی جانب سے خیمے، ترپال، اسٹوریج یونٹس، سولر پینلز، آگ بجھانے والے آلات، بیٹریاں اور دیگر اشیا بھی ممنوعہ فہرست شامل ہیں۔