بنگلہ دیش، حسینہ واجد کے آبائی ضلع گوپال گنج میں شدید جھڑپیں، 4 افراد ہلاک، کرفیو نافذ

جمعرات 17 جولائی 2025 21:24

بنگلہ دیش، حسینہ واجد کے آبائی ضلع گوپال گنج میں شدید جھڑپیں، 4 افراد ..
ڈھاکہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جولائی2025ء) بنگلہ دیش کے ضلع گوپال گنج میں پرتشدد جھڑپوں کے دوران کم از کم 4 افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہو گئے۔ یہ ضلع سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کا آبائی علاقہ ہے اور ان کی جماعت عوامی لیگ کا مضبوط گڑھ سمجھا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

ضلعی صحت افسر ڈاکٹر ابو سعید نے بتایا کہ مرنے والوں کو گولیوں کے زخم آئے تھے، جبکہ دیگر 13 زخمیوں کو بھی ہسپتال داخل کیا گیا جن میں سے زیادہ تر گولیوں سے زخمی ہوئے۔ عبوری حکومت نے صورتحال قابو میں رکھنے کے لیے علاقے میں فوری طور پر کرفیو نافذ کر دیا ہے، جبکہ امن و امان بحال کرنے کے لیے فوج، پولیس اور بارڈر گارڈز تعینات کر دیے گئے ہیں۔ عوامی اجتماعات پر پابندی عائد کرتے ہوئے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔