وزیراعلیٰ نے کاشتکاروں کی خوشحالی کے لئے کئی میگا پراجیکٹس شروع کئے ہیں ،بابر علاؤالدین

منگل 15 جولائی 2025 16:23

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2025ء) چیئرپرسن وزیراعلیٰ پنجاب انسپکشن،سرویلنس اینڈ مانیٹرنگ بریگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین (ستارہ امتیاز ملٹری)نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کاشتکاروں کی خوشحالی کیلئے کئی میگا پراجیکٹس شروع کئے ہیں جبکہ نئے منصوبوں میں ایگریکلچران پو ٹھوہار اور سٹرس بحالی ٹاسک فورس کا قیام بھی شامل ہے اسی طرح کسان کارڈ سکیم کے تحت 100 ارب روپے کی خطیر رقم سے کاشتکاروں کو بلا سود قرضے جاری اورویٹ سپورٹ پروگرام کے تحت 12 ارب روپے کاشتکاروں میں تقسیم کئے گئے ہیں۔

آری فیصل آباد میں ایک تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ سولرائزیشن آف ایگری ٹیوب ویلز پروگرام کے تحت 8 ہزار کسانوں کو سبسڈی دی جا ئے گی جس کے علاوہ گرین ٹریکٹر سکیم کے تحت 10 ہزار کاشتکاروں کو 5 سے 10 لاکھ روپے فی ٹریکٹر سبسڈی فراہم کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

چیئرپرسن وزیر اعلیٰ پنجاب انسپکشن سرویلینس اینڈ مانیٹرنگ نے کہا کہ ساڑھے 12 ایکڑسے زائد گندم اگاؤ مہم کے کامیاب کسانوں میں 1ہزار فری گرین ٹریکٹرز بھی تقسیم کئے جاچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر حکومت خطہ پوٹھوہار،تھل اور جنوبی پنجاب کے علاقوں میں فصلوں کی کامیاب کاشت کے لیے میگا پروجیکٹس شروع کرے گی۔بریگیڈیئر (ر)بابر علاؤالدین نے کہا کہ ہائی ٹیک فنانسنگ پروگرام کے تحت 11 اقسام کے جدید زرعی آلات کاشت کاشتکاروں کو سبسڈی پر فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کے حکام اور کاشتکاروں کو ہدایت کی کہ وہ زرعی تحقیق کے ثمرات سے استفادہ حاصل کر کے فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ سمیت زرعی تحقیق، تعلیم اور توسیع کے شعبوں کو ایک پلیٹ فارم سے پنجاب میں جدید کاشتکاری کے فروغ سے زرعی پیداوار میں اضافہ کریں۔

بابر علاؤالدین نے کہا کہ پنجاب میں مشینی کاشت کے فروغ اور زرعی پیداوار میں اضافہ کیلئے محکمہ زراعت کے تمام شعبے مشترکہ کاوشیں کریں۔انہوں نے کہا کہ ریسرچ میں پاکستانیوں نے پوری دنیا میں اپنا لوہامنوایاجبکہ ملکی ترقی کیلئے زراعت کا کردار بھی انتہائی اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت آپ کے مسائل سے بخوبی واقف ہے اوراس ضمن میں مزید سہولیات فراہم کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب دالوں کی کاشت کا ایریا بڑھانے پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں جبکہ50 نئی اقسام متعارف کروانے پر ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ کی توجہ مرکوز ہے۔اس موقع پر چیف سائنٹسٹ ساجد الرحمان نے کہا کہ ان کا ادارہ سال 2021 سے2025 تک 106 نئی ورائٹیز بھی متعارف کر وا چکا ہے جبکہ پروڈکشن ٹیکنالوجی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے قیام کا مقصد فصلوں، دالوں، سبزیوں، پھلوں اور چارہ جات کی نئی اقسام اور ان کی جدید ٹیکنالوجی متعارف کروانا ہے۔

چیف سائنٹسٹ ڈاکٹر ساجد الرحمن نے مزید کہا کہ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے زرعی سائنسدانوں نے قیام سے ابتک 712 اقسام متعارف کروائی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے زرعی سائنسدانوں کی متعارف کردہ گندم کی اقسام پنجاب کے 99.9 فیصد، دھان کی 99 فیصد، کماد کی 87 فیصد اور تیلدار اجناس 85 فیصد رقبہ پر کاشت ہوتی ہیں۔