Live Updates

محکمہ موسمیات کی مزید بارشوں کی پیش گوئی، فیصل آباد، لاہور، سیالکوٹ کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ

منگل 15 جولائی 2025 16:24

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2025ء) محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے اور فیصل آباد، لاہور، سیالکوٹ کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں آج سے 17 جولائی تک موسلا دھار بارشوں، گرج چمک اور تیز آندھیوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے شدید موسمی صورتحال کے پیش نظر شہریوں کو محتاط رہنے اور متعلقہ اداروں کو پیشگی حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک اور بارش کا امکان ہے، جبکہ مری، اٹک، چکوال اور گوجرانوالہ میں بھی بادل برسنے کی پیشگوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پانی کی نکاسی نہ ہونے کی صورت میں معمولات زندگی متاثر ہو سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا کہ تیز آندھی کے باعث کمزور ڈھانچوں، درختوں اور کھمبوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے جبکہ بعض علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہونے کا بھی امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ متعلقہ ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور شہری دفاع کے محکموں کو الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹا جا سکے نیز شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسمی اپ ڈیٹس پر نظر رکھیں۔

Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات