ریجنل ٹیکس آفس ایبٹ آباد کی گزشتہ مالی سال 68.3 ارب روپے کی ریکارڈ ٹیکس کی وصولی

منگل 15 جولائی 2025 17:07

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2025ء) ریجنل ٹیکس آفس ایبٹ آباد نے مالی سال 25-2024کے دوران ہزارہ ڈویژن سے 68.3 ارب روپے کی ریکارڈ ٹیکس وصولی کی، جو کہ گزشتہ سال کے مقابلہ میں 32 فیصد زیادہ ہے۔ چیف کمشنر ریجنل ٹیکس آفس ایبٹ آباد فرحت قیوم نے جنوری 2025 میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں، اور ان کی قیادت میں ادارے کی مجموعی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی۔

ان کے مختصر دور میں ٹیکس کلیکشن میں 45 فیصد کا غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے نتیجہ میں ریجنل ٹیکس آفس ایبٹ آباد کو ملک کے بہترین کارکردگی دکھانے والے ریجنل ٹیکس دفاتر کی صف میں شامل کر لیا گیا ہے۔ فرحت قیوم نے نہ صرف مالی اہداف کے حصول پر توجہ دی بلکہ دفتر کے انفراسٹرکچر کو بھی جدید خطوط پر استوار کیا۔

(جاری ہے)

ریجنل ٹیکس آفس ایبٹ آباد کی مرکزی عمارت میں مثالی تزئین و آرائش کا کام مکمل کیا گیا، جبکہ ملازمین کی سہولت کے لیے ٹرانزٹ اکوموڈیشن کو بھی جدید سہولیات سے آراستہ کیا گیا۔

ادارہ کے عملہ کو ان کی کارکردگی کی بنیاد پر اعزازی اسناد اور مالی انعامات سے نوازا گیا، جس کے باعث ملازمین کا مورال بلند ترین سطح پر ہے۔ ادارے کی اس کامیاب حکمت عملی اور قائدانہ ویژن کی بدولت توقع کی جا رہی ہے کہ آئندہ مالی سال میں بھی ریجنل ٹیکس ایبٹ آباد ٹیکس وصولی کے میدان میں نئی بلندیوں کو چھوئے گا۔

متعلقہ عنوان :