دنیاوی پریشانیوں سے نجات کا حل یہ ہے کہ اولیاء اللہ کی سچی تعلیمات پر عمل کیا جائے، مخدوم جاوید ہاشمی

منگل 15 جولائی 2025 22:08

جہانیاں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جولائی2025ء) بزرگ سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ دنیاوی پریشانیوں سے نجات کا حل یہ ہے کہ اولیاء اللہ کی سچی تعلیمات پر عمل کیا جائے،برصغیر میںتبلیغ اسلام اور اشاعت دین کا سہرااولیا ء کرام کے سر ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار نواحی علاقہ مخدوم رشید میں برصغیر کی عظیم روحانی شخصیت حضرت مخدوم عبدالرشید حقانی کے سالانہ عرس کی اختتامی تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ جب تک لوگ صوفیاء سے وابستہ تھے ان سے دینی،علمی و فکری رہنمائی حاصل کرتے رہے تب تک یہ خطہ امن اور محبت کا گہوارہ تھااور لوگ انتہا پسندی اور دہشت گردی کے نام سے بھی واقف نہیں تھے۔انہوں نے کہا کہ اگر دنیا دہشت گردی اور دیگر پریشانیوں سے نجات چاہتی ہے تو صوفیائے کرام کی پاک زندگیوں اور تعلیمات کا مطالعہ کرے یہ وہ تعلیمات ہیںجو کہ فرقہ واریت،رنگ و نسل اور امیرغریب کے فرق کے بغیرمحض انسانیت کا درس دیتی ہیں۔

(جاری ہے)

معروف روحانی بزرگ حضرت مخدوم عبدالرشید حقانی کے عرس کے سلسلے میں ایک ماہ سے جاری تقریبات گزشتہ روز مخدوم رشید میں اختتام پذیر ہو گئیںجس میں ملک بھر کے طول و عرض سے مریدین اور عقیدت مندوں نے کثیرتعداد میں شرکت کی۔اختتامی تقریب میں مخدوم زاہد بہار ہاشمی،مخدوم شاہد ہاشمی،چوہدری خلیل احمد گھمن،محمد عارف سعید ،حسنین اکرم جوگی سمیت علماء کرام،مشائخ عظام،محکمہ ا وقاف کے افسران نے بھی شرکت کی۔آخر میں مخدوم جاوید ہاشمی نے ملک وقوم کی سلامتی کیلئے خصوصی دعا کروائی۔