ڈائریکٹر لائیوسٹاک کا مختلف ویٹرنری ہسپتالوں اور کیٹل فیڈ ملز کا دورہ

منگل 15 جولائی 2025 20:30

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2025ء) ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر سید ندیم بدر نے ضلع فیصل آباد کی تحصیل فیصل آباد اور تحصیل جڑانوالہ کے مختلف ویٹرنری ہسپتالوں اور کیٹل فیڈ ملز کا دورہ کیا جن میں سول ویٹرنری ہسپتال عباس پور، ٹھیکری والا،213 ر ب اور گرینش کیٹل فیڈ ملز شامل تھیں۔منگل کو اپنے دورے کے دوران انہوں نے حاضری رجسٹر، او پی ڈی، صفائی ستھرائی، کسان لائیوسٹاک بیٹھک ریکارڈ، وزیر اعلی پنجاب لائیوسٹاک ریکارڈ، سپلائی چین، ادویات و ویکسین کا ریکارڈ، ٹینٹیٹو ٹور پروگرام، ڈیلی ڈائری، پرچی فیس رجسٹر، شجرکاری ریکارڈ اور مصنوعی نسل کشی (اے آئی) سے متعلق ریکارڈ کی جانچ کی۔

اس موقع پر فیلڈ سٹاف کو ہدایت کی گئی کہ پی ایل سی فیزII پر خصوصی توجہ دی جائے، ہسپتالوں میں کاشتکاروں کے لیے بیٹھنے کے بہتر انتظامات کئے جائیں، صفائی اور تازہ پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے، تمام اینٹی بائیوٹکس و ویکسین دستیاب ہوں، جاری ویکسینیشن بروقت مکمل کی جائے، کولڈ چین کا تحفظ کیا جائے، کاشتکاروں کو منہ کھر، کانگو بخار اور برسات کے دوران جانوروں کی دیکھ بھال سے متعلق آگاہی دی جائے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر لائیوسٹاک نے کہا کہ اے ڈی آر ایس فارمر ایپ کے استعمال کو فروغ دیا جائے اور ایس ایم ایس 9211 پر ڈیٹا بروقت اپلوڈ کیا جائے۔مزید برآں انہوں نے ویٹرنری ہسپتالوں سے ملحقہ دیہات میں کاشتکاروں سے ملاقات بھی کی جنہوں نے محکمہ کی سروس ڈیلیوری پر اطمینان کا اظہار کیا۔بعد ازاں انہوں نے گرینش کیٹل فیڈ ملز جڑانوالہ کا تفصیلی معائنہ کیاجہاں فیڈ کی سٹوریج، اسٹوریج طریقہ کار، لیبارٹری ٹیسٹنگ سہولیات اور آپریشنل سسٹمز کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر پنجاب اینیمل فیڈ سٹف اینڈ کمپاؤنڈ فیڈ ایکٹ2016ء پر عملدرآمد یقینی بنانے اور معیاری فیڈ کی فراہمی کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔