سندھ ہائیکورٹ، معذور کوٹہ پر سیکنڈری اسکول ٹیچر کو بھرتی نہ کرنے کیخلاف درخواست پرفریقین کو نوٹس جاری، اگست کے پہلے ہفتے تک سماعت ملتوی

بدھ 16 جولائی 2025 16:17

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2025ء)سندھ ہائیکورٹ نے معذور کوٹہ پر سیکنڈری اسکول ٹیچر کو بھرتی نہ کرنے کیخلاف درخواست پرفریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اگست کے پہلے ہفتے تک سماعت ملتوی کردی ہے۔بدھ کو سندھ ہائیکورٹ میں معذور کوٹہ پر سیکنڈری اسکول ٹیچر کو بھرتی نہ کرنے کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواستگزار کے وکیل عثمان فاروق ایڈووکیٹ نے موقف دیا کہ درخواستگزار عدیل مجاہد نے ایس پی ایس سی کے تحریری امتحان میں کامیابی حاصل کی۔

(جاری ہے)

درخواستگزار سمیت دیگر معذور افراد کو انٹرویو میں ناکام قرار دیدیا گیا ہے۔ عدالت نے آبزرویشن دیتے ہوئے کہا کہ درخواستگزار کے تو امتحان میں41 نمبر ہیں۔ وکیل نے موقف دیا کہ معذور افراد کے لئے کامیابی کے لئے 33 نمبر کی شرط ہے۔ معذور افراد کے لئے مختص 13 نشستوں پر 6 افراد کو میرٹ پر کامیاب قرار دیا گیا ہے۔ معذور افراد کی مختص نشستوں پر کسی معذور فرد کو کامیاب قرار نہیں دیا گیا۔ عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اگست کے پہلے ہفتے تک سماعت ملتوی کردی۔