آزادجموں وکشمیر پبلک سروس کمیشن کا گریڈ 17 کے آفیسران کے تحریری امتحانات کے حوالے سے موصول اعتراضات پر ایک جائزہ اجلاس

بدھ 16 جولائی 2025 23:12

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2025ء) آزادجموں وکشمیر پبلک سروس کمیشن کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کی اسسٹنٹ کمشنر و سیکشن آفیسر (بی ایس۔ 17) اور محکمہ قانون و انصاف کی سیکشن آفیسر لاء آسامی کے تحریری امتحان کے نتائج کے خلاف پرچہ /پرچہ جات کی ری کاؤنٹنگ کے لیے موصولہ درخواستوں کا جائزہ لیا گیا۔

پبلک سروس کمیشن کو ری چیکنگ کا قانونی اختیار حاصل نہ ہے، البتہ موصولہ درخواستوں پر پیپر /پیپرز کی ری کاؤنٹنگ کی گئی اور جوابی کاپی پر حل شدہ تمام سوالات مارک شدہ پائے گے اور رزلٹ، مارکنگ کے مطابق درست پایا گیا۔ تاہم امیدواران اپنی تسلی کے لیے مورخہ 18,19جولائی 2025کو بمطابق منسلکہ فہرست بوقت 10:00بجے صبح دفتر پبلک سروس کمیشن مظفرآباد حاضر آئیں تاکہ کمیشن کی مقرر کردہ کمیٹی کے روبرو امیدواران کی موجودگی میں پرچہ / پرچہ جات کی نمبر شمارگی (ری کاؤنٹنگ ) کی جائے گی۔

(جاری ہے)

امیدواران مطابق متذکرہ فہرست کمیٹی کے روبرو پیش ہو کر نمبر شمارگی (ری کاؤنٹنگ ) کے عمل میں ذاتی / انفرادی حیثیت میں شریک ہوں۔ مقررہ تاریخ /وقت پر حاضر نہ ہونے کی صورت میں معاملہ داخل دفتر کر دیا جائے گا۔ بعد ازاں امیدواران کی جانب سے کوئی عذر قابل قبول نہ ہوگا۔