بحریہ ٹائون کراچی پر نیب کا بڑا چھاپہ، متعدد گاڑیاں ضبط، ڈیل کی افواہیں مسترد

بدھ 16 جولائی 2025 22:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2025ء)قومی احتساب بیورو(نیب)نے بحریہ ٹائون کراچی کے خلاف کارروائی کا دائرہ مزید وسیع کرتے ہوئے بدھ کوایک اور بڑا چھاپہ مارا، جس میں متعدد قیمتی گاڑیاں تحویل میں لے لی گئیں۔ذرائع کے مطابق گاڑیوں کونیب کے دفتر منتقل کردیاگیا، جہاں ان کی قانونی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے ۔بحریہ ٹائون کراچی کے خلاف 17 ہزار ایکڑ زمین کی مبینہ غیر قانونی الاٹمنٹ کا ریفرنس پہلے ہی عدالت میں زیرِ سماعت ہے۔

(جاری ہے)

نیب حکام کے مطابق تمام کارروائی قانون کے مطابق کی جا رہی ہے اور کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ یا ڈیل نہیں ہوئی۔یاد رہے کہ کچھ ماہ قبل نیب نے بحریہ ٹائون کی کئی کمرشل پراپرٹیز کو منجمد کر دیا تھا۔ اس کے بعد سے مختلف ذرائع کی جانب سے ڈیل ہونے کا تاثر پھیلایا جا رہا تھا، جسے نیب ذرائع نے تازہ کارروائی کے بعد واضح طور پر مسترد کر دیا ہے۔نیب ذرائع نے کہاکہ بحریہ ٹائون کے ساتھ کوئی مفاہمت، کوئی رعایت نہیں، صرف قانون کے مطابق کارروائی جاری ہے۔ جو بھی ملوث ہوگا، اس کے خلاف ثبوت کے ساتھ کارروائی کی جائے گی۔نیب کی تازہ کارروائی نے بحریہ ٹائون کراچی پر قانونی دبائو مزید بڑھا دیا ہے، اور ذرائع کے مطابق، آئندہ دنوں میں مزید اثاثوں کی نشاندہی اور ضبطی کا امکان ہے۔