پر تعیش اشیا پر خرچ کے لحاظ سے سنگاپور اور لندن مہنگے ترین شہرقرار

دبئی پانچ درجے ترقی کر کے فہرست میں 7 ویں پوزیشن پر آ گیا،رپورٹ

جمعرات 17 جولائی 2025 12:30

سنگاپورسٹی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2025ء)سنگاپور نے مسلسل تیسرے سال پر تعیش اشیا پر خرچ کے لحاظ سے دنیا کے مہنگے ترین شہروں کی فہرست میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔ لندن نے ہانگ کانگ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دوسری پوزیشن پر قبضہ جمایا جب کہ دبئی نے پانچ درجے ترقی کرتے ہوئے ساتویں پوزیشن سنبھال لی۔سوئٹزرلینڈ کی دولت مندی کی مشاورتی کمپنی جولیس بیئر کی 2025 کی سالانہ رپورٹ کے مطابق، موناکو تیسرے، زیورخ چوتھے، اور شنگھائی چھٹے نمبر پر ہے ... یاد رہے کہ 2022 میں شنگھائی اس فہرست میں پہلے نمبر پر تھا۔

یہ پہلا موقع ہے جب 2020 سے جاری اس درجہ بندی میں پر تعیش اشیا کی قیمتوں میں مجموعی طور پر 2 فی صد کمی دیکھی گئی، حالانکہ عام طور پر مہنگی اشیا کی قیمتیں عام صارف اشیا کے مقابلے میں دو گنا تیزی سے بڑھتی رہی ہیں۔

(جاری ہے)

تجارتی کشیدگی اور محصولات میں اضافے جیسے عالمی غیر یقینی حالات کے باوجود سنگاپور نے استحکام برقرار رکھا ... اس کے سبب وہ دنیا میں مہنگی ترین پر تعیش اشیا کی خریداری کا اولین مرکز بن گیا۔

ہانگ کانگ میں نیا رہائشی سرمایہ کاری منصوبہ دولت مند افراد کی توجہ کا مرکز بنا، جب کہ وہاں ہوٹلوں کے لگژری کمروں کی قیمتوں میں 10.3 فی صد اضافہ ہوا۔دبئی کی پیش رفت کو نمایاں قرار دیا گیا ہے، جو اب روایتی مالیاتی مراکز جیسے لندن، موناکو اور زیورخ کے ساتھ مقابلے میں آ گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، کورونا وبا کے دوران دبئی کی طرف دولت مندوں کی منتقلی شروع ہوئی تھی، اور یہ رجحان آئندہ بھی جاری رہنے کا امکان ہے۔

نیویارک آٹھویں نمبر پر ہے اور وہ ٹاپ 10 میں شامل واحد امریکی شہر ہے۔ دوسری طرف، سا پالو اور میکسیکو سٹی نے سب سے زیادہ تنزلی دیکھی ... سا پالو سات درجے نیچے آ کر سولہویں، اور میکسیکو سٹی پانچ درجے نیچے آ کر اکیسویں نمبر پر موجود ہے۔رپورٹ کے مطابق، پر تعیش اشیا کی مارکیٹ میں سست روی کی وجہ بلند شرحِ سود، سست اقتصادی ترقی، اور ممکنہ تجارتی جنگوں کے خطرات ہیں۔ جولیس بیر لائف اسٹائل انڈیکس دنیا کے 25 بڑے شہروں میں رہائشی جائیداد، مہنگی گاڑیاں، بزنس کلاس سفری اخراجات، نجی اسکولز، مہنگے ریستوران، فیشن، زیورات اور دیگر لگژری اشیا کی قیمتوں کا تجزیہ کرتا ہے۔