Live Updates

خیبر پختونخوا ، صوبے کی پہلی فارسٹ کاربن کریڈٹ میپنگ رپورٹ کا اجراء

جمعرات 17 جولائی 2025 16:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2025ء) خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے کی پہلی فارسٹ کاربن کریڈٹ میپنگ رپورٹ کا اجراء کردیا۔فارسٹ کاربن کریڈٹ میپنگ رپورٹ کے اجراء کے لئے وزیر اعلی ہائوس میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے فارسٹ کاربن کریڈٹ میپنگ رپورٹ کا باضابطہ اجراء کیا۔وزیراعلی ہائوس پشاور سے جاری بیان کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے کی گئی اس میپنگ کے ذریعے صوبے میں 2.2 ملین ہیکٹر پر مشتمل دس پوٹینشل منصوبوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔

یہ منصوبے 400 ملین ٹن سے زائد کاربن جذب کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان منصوبوں پر عملدرآمد سے چار ارب ڈالر کی متوقع آمدن حاصل کی جا سکتی ہے۔ ان منصوبوں سے 50 ہزار گرین جابزکے مواقع بھی پیدا کئے جاسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

تقریب سے وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فارسٹ کاربن کریڈٹ میپنگ جنگلات کے شعبے میں صوبائی حکومت کا ایک تاریخی اقدام ہے، اس شاندار پیشرفت پر محکمہ جنگلات اور پارٹنر اداروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ فارسٹ کاربن کریڈٹ میپنگ عالمی کاربن کریڈٹ مارکیٹ میں شراکت کے لئے بنیاد فراہم کرے گا،اس سے صوبائی حکومت کو گرین فنانس جیسے جدید مالیاتی ذرائع تک رسائی ممکن ہوگی،یہ میپنگ صوبے کی ماحولیاتی، معاشی اور سماجی ترقی کے لئے ایک جامع ماڈل کا کردار ادا کرے گا، پی ٹی آئی کی حکومت گزشتہ دس سالوں کے دوراں صوبے میں جنگلات کے شعبے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ کامیابیاں جنگلات اور ماحولیات سے متعلق بانی چئیرمین عمران کے وژن پر عمل سے ممکن ہوا ہے،جنگلات کے فروغ کے لئے عمران خان کے وژن اور کامیابیوں کو عالمی سطح پر سراہا گیا۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے جنگلات کا رقبہ پورے ملک کے جنگلاتی رقبے کا 46 فیصد ہیں، صوبے کے جنگلات ملک کے 50 فیصد کاربن جذب کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کاربن کریڈٹ کی مد میں صوبے کو 100 ملین ڈالر سالانہ آمدن متوقع ہے، موجودہ صوبائی حکومت کاربن کریڈیٹ کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کرنے کے لئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے،صوبے میں جنگلات کے رقبے کو مزید بڑھانے کے بہت سارے مواقع موجود ہیں، حکومتی کوششیں تب تک موثر نہیں ہو سکتیں جب تک عوام اس میں اپنا حصہ نہ ڈالیں۔انہوں نے کہا کہ عوام جنگلات کے فروغ اور تحفظ کے لئے اپنے حصے کا کردار ادا کریں،عوام غیر مستعمل زمینوں اور اپنے گھروں میں زیادہ سے زیادہ درخت لگائی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات