Live Updates

مہنگائی مافیا بے لگام، مرغی، انڈے، سبزیاں اور پھل عوام کی پہنچ سے باہر

جمعرات 17 جولائی 2025 23:09

مہنگائی مافیا بے لگام، مرغی، انڈے، سبزیاں اور پھل عوام کی پہنچ سے باہر
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جولائی2025ء) مہنگائی مافیا نے ایک بار پھر غریب عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ مرغی کے گوشت کی فی کلو قیمت 595 روپے پر برقرار ہے، جس نے پہلے ہی مہنگائی سے پسے ہوئے صارفین کو مزید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔مارکیٹ ذرائع کے مطابق فارمی انڈوں کی قیمت میں بھی ایک روپے فی درجن کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد فی درجن انڈے 260 روپے میں فروخت ہو رہے ہیں۔

انڈوں کی پیٹی اب 7 ہزار 680 روپے تک جا پہنچی ہے، جس سے متوسط طبقے کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔دوسری جانب سبزیوں کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ بھنڈی 300 روپے فی کلو، شملہ مرچ 180 روپے فی کلو اور اروی 200 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔ یہ قیمتیں عام آدمی کے لیے ناقابل برداشت بنتی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

پھلوں کی قیمتوں میں بھی غیرمعمولی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

سیب 650 روپے فی کلو، آڑو 380 روپے فی کلو، اور آم (سندھڑی) 320 روپے فی کلو میں مارکیٹ میں دستیاب ہیں، جو عام صارفین کی قوتِ خرید سے باہر ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ کوئی دن ایسا نہیں جاتا جب قیمتیں مزید نہ بڑھتی ہوں۔ خاص طور پر سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں روز بروز بڑھ رہی ہیں اور انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر مہنگائی کے خلاف ٹھوس اور سنجیدہ اقدامات کئے جائیں، تاکہ عام آدمی سکھ کا سانس لے سکے۔ ورنہ عوام میں غم و غصے کی لہر مزید شدت اختیار کر سکتی ہے۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :