Live Updates

ڈپٹی کمشنر کیجانب سے موسم برسات کے پیشِ نظر بارشوں کے دوران نہانے اور کشتی رانی پر 45 روز کے لیے پابندی عائد کر دی گئی

جمعرات 17 جولائی 2025 21:10

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2025ء) ڈپٹی کمشنر سرگودھا کیپٹن (ر) محمد وسیم کی جانب سے موسم برسات کے پیشِ نظر بارشوں کے دوران نہانے اور کشتی رانی پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ حکومت پنجاب نے مون سون سیزن کے دوران ممکنہ حادثات کی روک تھام اور عوامی جان و مال کے تحفظ کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے صوبہ بھر میں نہانے اور کشتی رانی جیسی سرگرمیوں پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔

ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سڑکوں، نشیبی علاقوں، کھلے میدانوں، ندی نالوں، دریائوں، نہروں، تالابوں اور جھیلوں میں نہانا اور کشتی رانی کرنا انسانی جان کے لیے شدید خطرہ بن چکا ہے، جس کی روشنی میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق درج ذیل سرگرمیوں پر 45 دن کے لیے مکمل پابندی عائد کی گئی ہے ،جمع شدہ بارش کے پانی میں نہانا ،کسی بھی شخص کا دریا، نہر، جھیل، تالاب یا کسی آبی ذخیرے میں تیرنا ،غیر مجاز افراد کا ان مقامات پر کشتی رانی کرنا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن (ر) محمد وسیم نے جاری حکم نامے پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے تمام اسسٹنٹ کمشنرز، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کہا ہے کہ خلاف ورزی کی صورت میں فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ بچوں اور نوجوانوں کو خاص طور پر اس قسم کی خطرناک سرگرمیوں سے دور رکھنا ہوگا تاکہ کسی بھی قسم کے جانی نقصان سے بچا جا سکے۔ یہ پابندی فوری طور پر نافذ العمل ہو چکی ہے اور اگلے 45 دن تک برقرار رہے گی۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات