سعودی عرب کی غزہ میں چرچ پر اسرائیلی بمباری کی مذمت

جمعہ 18 جولائی 2025 10:40

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2025ء) سعودی عرب نے غزہ میں چرچ پر اسرائیلی بمباری کی مذمت کی ہے ۔ العربیہ اردوکے مطابق سعودی وزارت خاجہ نے مذمتی بیان میں شہریوں اور عبادت گاہوں پر کی جانے والی بمباری کو ناقابل قبول قرار دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

بیان کے مطابق اسرائیل کی طرف سے نہرت شہریوں اور عبادت گاہوں پر تسلسل کے ساتھ اسرائیلی فوجی حملے تقاضا کرتے ہیں کہ ان جرائم اور اسرائیلی قبضے کو رکوانے کے لیے بین الاقوامی واضح موقف اور سخت موقف سامنے آئے ، کیونکہ یہ حملے علاقائی استحکام کے لئےخطرناک ہیں۔

مملکت نے اس سلسلے میں بین الاقوامی برادری سے بالعموم اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے بالخصوص مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل کو ان حملوں کے لئے کٹہرے میں کھڑا کر کے احتسابی میکانزم کو بروئے کار لایا جائے اور اسرائیل کو بین الاقوامی قانون کی ان خلاف ورزیوں کے لئے جوابدہ ٹھہرایا جائے۔واضح رہے غزہ کے اس کیتھولک چرچ پر اسرائیلی فوجی حملے کے نتیجے میں تین افراد مارے گئے اور متعدد زخمی ہو ئے تھے ۔