کراچی؛ 4 کڑور سے زائد مالیت کی اسمگل شدہ اشیا اور ٹرالر ضبط

اطلاع ملنے پر ماڑی پور سے اندرون ملک کے لیے روانہ ہونے والے ٹرالر کو روک کر اسکی تلاشی لی گئی

جمعہ 18 جولائی 2025 16:08

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2025ء)پاکستان کسٹمز انفورسمنٹ کی جانب سے انسداد اسمگلنگ مہم کے تحت موصولہ ایک خفیہ اطلاع پر ماڑی پور روڈ پر ایک کارروائی میں 4کروڑ 10لاکھ روپے مالیت کی اسمگل شدہ اشیا اور ٹرالر ضبط کر لیا گیا۔ترجمان کسٹمز عرفان علی کے مطابق حکام کو یہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ ٹرالر نمبر ٹی کے زیڈ 091 کے ذریعے اسمگل شدہ اشیا اندرون ملک منتقل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

(جاری ہے)

اطلاع ملنے پر ماڑی پور سے اندرون ملک کے لیے روانہ ہونے والے ٹرالر کو روک کر اسکی تلاشی لی گئی تو مختلف غیر ملکی برانڈز کے 5ہزار 620 سگریٹ کے پیکٹس، 405 کلوگرام اسمگل شدہ مضرصحت چھالیہ، ایرانی برانڈ کے 15ہزار 270 کلوگرام اسمگل شدہ اسکم ملک پاوڈر اور 1ہزار 864 کلوگرام غیرملکی کپڑا برآمد ہوا۔حکام نے مقدمہ درج کرکے برآمد ہونے والی اسمگل شدہ اشیا کو ضبط کرکے کسٹمز اے ایس او گودام منتقل کر دیا ہے۔