پشاور ،شاہ قبول میں تین مسلح ملزمان نے ہیئر ڈریسر کی دکان کو گن پوائنٹ پر لوٹ لیا

جمعہ 18 جولائی 2025 17:08

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2025ء) پشاور کے علاقہ شاہ قبول میں تین مسلح ملزمان نے ہیئر ڈریسر کی دکان کو گن پوائنٹ پر لوٹ لیا ۔ پولیس کے مطابق تھانہ شاہ قبول کی حدود سرکلر روڈ پر تین نقاب پوش راہزنوں نے سی سی کیمرے کی موجودگی میں ہئیر سیلون کے ساتھ ساتھ سیلون میں بیٹھے کسٹمرز کو بھی گن پوائنٹ پر 7عدد قیمتی موبائلز اور لاکھوں روپے کی نقدی سے محروم کردیا ۔

مسمی احمد رضا ولد اعجاز کی تحریری درخواست پر مقدمہ علت 614 مورخہ 18 جولائی کو بجرم 392 مقدمہ درج رجسٹرڈ کردیا گیا۔

(جاری ہے)

مدعی کے مطابق سرکلر روڈ بالمقابل چلڈرن ہسپتال ایک ہیرڈریسر کی دکان ہے، جہاں تین مسلح افراد داخل ہوکر اس سے، شاگرد اور گاہک سے اسلحہ کی نوک پر موبائل فونز چھین کر فرار ہوگئے۔افسرانِ بالا نے واقعہ کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے واردات میں ملوث گروہ کی شناخت اور گرفتاری کے لیے ایس پی سٹی محمد عتیق شاہ کی نگرانی میں خصوصی تفتیشی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔

تشکیل شدہ ٹیمیں سی سی ٹی وی فوٹیجز، متاثرہ افراد کے بیانات اور دیگر اہم شواہد کی روشنی میں مختلف پہلوں سے تفتیش کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔انشا اللہ بہت جلد واردات میں ملوث ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔