اسرائیل نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق سے متعلق حکام کے ویزوں کی تجدید سے انکار کردیا

ہفتہ 19 جولائی 2025 12:45

اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2025ء) اسرائیل نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق اور انسانی بنیاد پر کام کرنے والے مدادی شعبوں کے اعلیٰ حکام کے ویزوں کی تجدید سےانکار کر دیا ۔العربیہ اردو کے مطابق اقوام متحدہ کے ترجمان ایری کانیکو نےتصدیق کی ہے کہ اسرائیل نے ویزوں کی تجدید سےانکار کر دیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ حال ہی میں اسرائیلی حکام نے اقوام متحدہ کے سٹاف کے ویزے ماضی کے مقابلے میں زیادہ مختصر وقت کے لیے جاری کیے تھے، یا ان کی تجدید کی تھی جس کی وجہ سے اب ان کی تجدید کی ضرورت ہے تاکہ وہ غزہ میں اپنے فرائض کی انجام دہی کر سکیں لیکن اسرائیل نے تجدید ویزہ کی درخواستیں مسترد کر دی ہیں، اسی طرح اسرائیل نے مقامی فلسطینی سٹاف ممبران کو مقبوضہ بیت المقدس میں داخل ہونے کی اجازت بھی نہیں دی ۔

(جاری ہے)

ایری کانیکو نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے کے دوران اسرائیل نے یہ اشارہ دیا تھا کہ اقوام متحدہ کے اس علاقے میں موجودہ سربراہ جوناتھن وائٹال کے ویزے میں بھی اب تجدید نہیں کی جائے گی، اسرائیل نے یہ انکار اس بیان کے بعد کیا ہے جس میں اقوام متحدہ کے مقامی حکام نے صاف الفاظ میں کہا تھا کہ اسرائیلی فوج فلسطینی شہریوں کو اس وقت بھی متواتر شہید کر رہی ہے جب وہ خوراک کے حصول کے لیے اس کے منظور شدہ امدادی مراکز پر آتے ہیں۔