بیرون ملک اشتہاری مجرمان کی تلاش اور گرفتاری کے لئے مہم میں تیزی لائی جائے ، آر پی او سرگودھا

ہفتہ 19 جولائی 2025 16:10

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2025ء) ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او ) سرگودھا محمد شہزاد آصف خان نے کہا ہے کہ بیرون ملک اشتہاری مجرمان کی تلاش اور گرفتاری کے لئے مہم میں تیزی لائی جائے اور تمام ضروری کاغذات مکمل کرکے انٹر پول بھجوائے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو بیرون ملک مفرور اشتہاری مجرمان کے لیے کئے گئے پولیس اقدامات اور کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر ڈی ایس پی لیگل قاسم حیات نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اب تک 128 اشتہاریوں کا سراغ لگایا گیا ہے جن میں 79 اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے ریڈ نوٹسز جاری ہوچکے ہیں پا نچ اشتہاری اس وقت عدالتی کارروائی کا سامنا کر رہے ہیں جبکہ 12مفرور اشتہاریوں کی پاکستان واپسی کاعمل شروع کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح اندرون ملک 173 اشتہاریوں کی جائیداد کی تفصیلات حاصل کر لی گئی ہیں جن میں سے گیارہ کی جائیداد نیلام کر دی گئی ہے جبکہ 14 اشتہاری مجرمان نے خود کو پولیس کے حوالے کر دیا ہے ۔

آر پی او محمد شہزاد آصف خان نے کہا کہ اشتہاری مجرم کہیں بھی ہو اس کی گرفتاری یقینی ہے جس کے لئے حکمت عملی ترتیب دے کر موثر اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔ انہوں متعلقہ برانچز اور پولیس اہلکاروں پر واضح کیا کہ اس حوالے سے کوئی سستی برداشت نہیں کی جائے گی ۔