آئی جی اسلام آباد کی ایس ایچ اوز کو کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت، نظرثانی کیلئے 7 یوم کا وقت مقرر

ہفتہ 19 جولائی 2025 18:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2025ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے وفاقی دارالحکومت کے تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز کی کارکردگی، جرائم پر قابو پانے کی کوششوں اور عوامی شکایات سے نمٹنے کیلئے جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ انہوں نے پانچ افسران کو وارننگ جاری کی اور بہتری کے لیے سات دن کی مہلت دی گئی۔

اسلام آباد پولیس حکام کے مطابق آئی جی نے ہدایت کی کہ پولیس سٹیشنز کو انصاف اور عوامی خدمت کے مراکز کے طور پر کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے عوام کے ساتھ عزت کے ساتھ پیش آنے اور خواتین کے وقار کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نےکہا کہ تمام درخواستوں پر ایس او پی پروٹوکول کے تحت مقررہ وقت میں کارروائی کی جانی چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ڈیوٹی میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

سید علی ناصر رضوی نے پولیس افسران پر زور دیا کہ وہ انتظامی امور کو پیشہ ورانہ طریقے سے سنبھالیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایس ایچ اوز اپنے دائرہ اختیار میں ہر کام کے لیے جوابدہ ہوں گے۔انہوں نے ایس ایچ اوز کو ہدایت کی کہ وہ مختص شدہ فنڈز کے زیادہ سے زیادہ استعمال کو یقینی بنائیں،ہر پولیس افسر کی فلاح و بہبود اولین ترجیح ہے۔انہوں نے مشتبہ عناصر پر نظر رکھنے اور جرائم کی روک تھام کے لیے رات کی فعال گشت پر بھی زور دیا۔

مخصوص خدشات کو اجاگر کرتے ہوئے آئی جی پی نےقبضہ مافیاز، منشیات فروشوں، ہوائی فائرنگ اور ہتھیاروں کی کھلے عام نمائش کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا حکم دیا۔ انہوں نے اشتہاری مجرموں اور عدالت سے مفرور ملزمان کی گرفتاری کا بھی حکم دیا۔انہوں نے کہا کہ جرائم کی روک تھام کیلئے موثر رابطہ کاری کی حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے۔ آئی جی اسلام آباد نے پانچ ایس ایچ اوز کو کارکردگی بہتر بنانے کے لیے وقت دیتے ہوئے کہا کہ سات دن بعد تمام ایس ایچ اوز کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔انہوں نے تمام تھانوں کے عملے پر زور دیا کہ وہ اپنے فرائض مکمل ہم آہنگی اور احساس ذمہ داری کے ساتھ ادا کریں۔