چیئرپرسن وزیراعلیٰ پنجاب انسپکشن، سرویلنس و مانیٹرنگ ڈائریکٹوریٹ علاؤالدین کا جڑانوالہ میں زیرتعمیر مریم نواز ہیلتھ کلینک کا دورہ

اتوار 20 جولائی 2025 18:20

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2025ء) چیئرپرسن وزیراعلیٰ پنجاب انسپکشن، سرویلنس و مانیٹرنگ ڈائریکٹوریٹ بریگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین نے جڑانوالہ میں زیرتعمیر مریم نواز ہیلتھ کلینک 65 ج۔ب کا دورہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ رنگزیب گورائیہ اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔بریگیڈیئر(ر) بابر علاؤالدین نے ہیلتھ کلینک کے مختلف وارڈز اور حصوں کا معائنہ کیا اور تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔

انہوں نے ناقص میٹریل کے استعمال پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور ٹھیکیدار کو سرزنش کرتے ہوئے فوری طور پر تمام غیر معیاری اشیاء کو تبدیل کرنے کی ہدایت جاری کی۔چیئرپرسن نے اس موقع پر کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب م مریم نواز شریف کی واضح ہدایات ہیں کہ ہیلتھ کلینکس کے تعمیراتی کاموں میں معیار اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

تمام تعمیراتی سرگرمیاں اعلیٰ معیار اور سرکاری ایس او پیز کے مطابق مکمل کی جائیں۔

انہوں نے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ اور ایکس ای این بلڈنگ کو ہدایات جاری کیں کہ وہ منصوبے کی کوالٹی پر کڑی نگرانی رکھیں اور تمام مراحل میں وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کو مدنظر رکھیں۔بریگیڈیئر بابر علاؤالدین نے کلینک میں صفائی کی ناقص صورتحال پر بھی سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری طور پر صفائی کے انتظامات بہتر بنانے کی ہدایت کی۔