کمشنر ہزارہ کی زیر صدارت محکمہ مال کی کارکردگی بارے جائزہ اجلاس، عوامی مسائل کے حل و بدعنوانی کے خاتمے پر زور

اتوار 20 جولائی 2025 18:20

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2025ء) کمشنر ہزارہ ڈویژن فیاض علی شاہ کی زیر صدارت محکمہ مال کی ماہانہ کارکردگی کا تفصیلی جائزہ اجلاس کمشنر آفس ایبٹ آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور اور بٹگرام کے ڈپٹی کمشنرز کے علاوہ ایبٹ آباد اور مانسہرہ کے بندوبست افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ضلعی افسران نے محکمہ مال کی کارکردگی، عوامی شکایات کے حل، ریونیو وصولی اور دیگر اہم امور پر تفصیلی بریفنگ دی جبکہ بندوبست افسران نے جاری بندوبست کے عمل پر رپورٹ پیش کی۔

کمشنر ہزارہ نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام ڈپٹی کمشنرز اپنی تحصیلوں کے لیے مخصوص افسران نامزد کریں جو ہفتہ وار بنیادوں پر دورے کریں، عوامی شکایات سنیں اور موقع پر ان کا ازالہ کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے تمام تحصیل دفاتر کی صفائی، خوبصورتی، سائلین کے لیے مناسب نشستوں، پینے کے صاف پانی اور خوشگوار ماحول کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے سروس ڈیلیوری سنٹرز اور رجسٹرار دفاتر میں عملے کو سختی سے ہدایت دی جائے کہ وہ عوام سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور ان کے مسائل فوری طور پر حل کریں۔ کمشنر ہزارہ فیاض علی شاہ نے بدعنوانی کے خاتمے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام دفاتر میں عملے کی کڑی نگرانی کی جائے، ٹاؤٹ مافیا کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور کسی اہلکار کے ملوث ہونے کی صورت میں فوری تادیبی کارروائی کی جائے۔

انہوں نے ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں جاری بندوبست کا عمل جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ افسران تفصیلی ورک پلان مقررہ مدت کے ساتھ پیش کریں۔ آخر میں کمشنر ہزارہ نے ہدایت دی کہ تمام پٹواری اپنی پٹوار حدود میں لازمی حاضری یقینی بنائیں، جن کے پاس دفتر نہیں ہے وہ فوری طور پر دفتر کرایہ پر حاصل کریں اور غیر حاضری کی صورت میں ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :