پولیس لائنز میں اردل روم کا انعقاد، 24 اہلکار برخاست ، 51 کو مختلف سزاؤں کا حکم

اتوار 20 جولائی 2025 18:20

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2025ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ فیصل شہزاد نے پولیس لائنز میں منعقدہ اردل روم کے دوران 24 اہلکاروں کو ملازمت سے برخاست اور 51 کو مختلف محکمانہ سزائیں سنادیں۔ترجمان پولیس کے مطابق ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد نے منشیات فروشوں اور دیگر جرائم پیشہ عناصر سے روابط ثابت ہونے پر 23 اہلکاروں جبکہ اسپیشل ڈیوٹی سے مسلسل غیر حاضری پر 1 اہلکار کو محکمہ سے فارغ کیا، برخاست کیے گئے اہلکاروں میں 3 سب انسپکٹر، 4 اے ایس آئی، 1 ہیڈ کانسٹیبل اور 17 کانسٹیبل شامل ہیں۔

ترجمان سیالکوٹ پولیس کے مطابق 51 اہلکاروں کو محکمانہ قواعد کی خلاف ورزی، ناقص کارکردگی اور فرائض میں غفلت کے باعث سروس ضبطی، سنشور، تنخواہ میں کٹوتی و دیگر محکمانہ سزائیں جبکہ معمولی غفلت کے مرتکب ملازمین کو وارننگ دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈی پی او فیصل شہزاد کا کہنا تھا کہ پولیس کا بنیادی فرض عوام کی جان، مال اور عزت کا تحفظ ہے اور اس مشن میں صرف وہی افسران و اہلکار شامل رہیں گے جو دیانتداری، فرض شناسی اور عوامی خدمت کو اپنا نصب العین بنائیں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ محکمہ پولیس میں سزا و جزا کا شفاف نظام رائج ہے، جس کے تحت بدعنوان اور غیر ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی جبکہ محنتی، فرض شناس اور بہترین کارکردگی دکھانے والے اہلکاروں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائےگی۔

متعلقہ عنوان :